حکومتیں اشتہاربازی اور سوشل میڈیا سے باہر آئیں تو اُنہیں عوامی مشکلات اور مہنگائی نظر آئے

بجلی، گیس، تیل سستا کیے بغیر بڑھتی مہنگائی کی بلیک میلنگ روکنا ممکن نہیں، ماہِ رمضان میں مسلسل بڑھتی مہنگائی سے تاجر برادری پیسہ نہیں انگارے اکٹھی کررہی ہے، نائب امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 3 مارچ 2025 19:00

حکومتیں اشتہاربازی اور سوشل میڈیا سے باہر آئیں تو اُنہیں عوامی مشکلات ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 03 مارچ 2025ء ) نائب امیرجماعت اسلامی، سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک گئے اور مولانا حامد الحق کی شہادت پر ان کے بھائی نائب نائب مہتمم دارلعلوم حقانیہ مولانا راشد الحق اور بیٹے عبدالحق ثانی سے ان کے والد کی شہادت پر اظہار تعزیت ا ور دعائے مغفرت کی۔

انھوں نے اس موقع پر علماء و طلبہ اور مقررین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا حامد الحق کی شہادت پر ملت اسلامیہ غم کی کیفیت میں مبتلا ہے۔ مولانا حامد الحق کی دینی و ملی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
لیاقت بلوچ نے صُفہ انٹرنیشنل کے زیر اہتمام افطار ڈنر پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہِ رمضان اہلِ ایمان کے لیے رحمت، معفرت اور جہنم کی آگ سے نجات کا مہینہ ہے، یہ مومن کے لیے تقویٰ کے حصول کا خاص مہینہ ہے، تقویٰ پر مبنی مثبت، مضبوط کردار ملتِ اسلامیہ کے لیے دُنیا کے بحرانوں اور آخرت کی آزمائشوں سے نجات کا ذریعہ ہے، ماہِ رمضان کا روزہ اور اس کے شب و روز میں تلاوتِ قرآن اہلِ ایمان کے لیے بہت بڑی سعادت اور سب سے بڑی نعمت ہے، روزہ انفرادی اصلاح اور قرآن اجتماعی نظام کی اصلاح کا اکسیر نسخہ ہے، ماہِ رمضان میں عوام کے لیے مسلسل بڑھتی مہنگائی سے تاجر برادری پیسہ نہیں آگ کے انگارے اکٹھی کررہی ہے، حکومت، انتظامیہ اور ذخیرہ اندوزوں کا گٹھ جوڑ عوام کے لیے بڑا عذاب بنا ہوا ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لیے مستقل حکمتِ عملی بنائیں، بجلی، گیس، تیل سستا کیے بغیر بڑھتی ہوئی مہنگائی کی بلیک میلنگ سے نجات ممکن نہیں، حکومتیں اشتہار بازی اور سوشل میڈیا سے باہر آئیں تو اُنہیں عوام کی مشکلات اور بڑھتی ہوئی مہنگائی نظر آئے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی اُمور کے ذمہ داران اور وفود سے ملاقات میں کہا کہ غزہ فلسطین پر امریکہ-اسرائیل گٹھ جوڑ بییقینی بڑھارہا ہے، فلسطینیوں نے ماہِ رمضان میں ایمانی طاقت کا ازسرُنو مظاہرہ کردیا، عالمِ اسلام کی قیادت فلسطین کی آزادی کے لیے مؤثر حکمتِ عملی بنائے، خاموشی، بزدلی اور لاتعلقی پوری اسلامی دُنیا کے لیے خطرناک نتائج لائے گی، امریکی صدر ٹرمپ کی ذہنی کیفیت یورپ کو بھی امریکی تابعداری سے آزاد کرارہی ہے، اِس صورتِ حال میں مسلم ممالک بھی امریکی غلامی کی زنجیریں توڑ دیں۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارتی دہشت گرد جاسوس کلبھوشن یادیو کو گرفتار کیے 9 سال ہوگئے، قوم کو کچھ نہیں معلوم کہ اس دہشت گرد کو کیوں سنبھال کر رکھا ہے، کلبھوشن محفوظ ہے بھارتی دہشت گرد نیٹ ورک پاکستان میں اپنی دہشت گردانہ کارروائی تیزتر کیے جارہا ہے جبکہ حکومت اور سکیورٹی ادارے بے بس ہیں، دہشت گردی کے منظم، مخصوص گٹھ جوڑ کے خاتمہ کے لیے قومی اتفاقِ رائے سے ازسرِنو قومی ایکشن پلان ناگزیر ہے، حکومت اور ریاستی ادارے جان لیں کہ سیاسی عدم استحکام ہر عدم استحکام کی جڑ ہے، وفاقی حکومت افغانستان سے تعلقات کی بہتری اور استحکام کے لیے بظاہر کوئی سرگرمی نہیں دِکھارہی، ہر آنے والا دن افغان عوام میں پاکستان کے خلاف زہر پھیلارہا ہے، وفاقی حکومت خیبرپختونخوا حکومت سے افغانستان سے تعلقات کی بہتری کے لیے تعاون کرے اور مشترکہ حکمتِ عملی بنائیں، محب وطن پشتون علماء اور سیاسی زعماء، مشران افغانستان سے تعلقات کی بحالی کے لیے کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں، حکومت افغانستان اور ایران سے تعلقات کے استحکام کو ترجیحِ اوّل بنا یے۔