وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے یوسف رضا گیلانی کو ٹڈاپ کرپشن کیس کے 3 مقدمات میں بری کر دیا

سماعت کے دوران شواہد اور دلائل کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد سابق وزیراعظم کو مقدمات سے بری کرنے کا فیصلہ سنایا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 7 مارچ 2025 11:04

وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے یوسف رضا گیلانی کو ٹڈاپ کرپشن کیس  کے 3 مقدمات ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 مارچ 2025)وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو ٹڈاپ کرپشن کیس میں 3 مقدمات میں بری کر دیا، کراچی کی وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں ٹڈاپ کرپشن سکینڈل کیس کی سماعت ہوئی، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی عدالت میں پیش ہوئے،عدالت نے یوسف رضا گیلانی کی 3 مقدمات میں بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں بری کر دیا۔

عدالت میں ہونے والی سماعت کے دوران شواہد اور دلائل کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد یوسف رضا گیلانی کو مقدمات سے بری کرنے کا فیصلہ سنایا گیا۔عدالت کے فیصلے کے بعد یوسف رضا گیلانی کے وکلا نے اس فیصلے کو انصاف کی جیت قرار دیا۔اس کیس کے دیگر ملزمان کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور آئندہ سماعتوں میں مزید فیصلے متوقع ہیں۔

(جاری ہے)

ٹڈاپ سکینڈل میں متعدد کمپنیوں سمیت مختلف افراد پر 70 سے زائد مقدمات 2013 میں درج کئے گئے تھے۔

ملزموں پر فریٹ سبسڈی کی مد میں قومی خزانے کو 6 ارب سے زائد نقصان پہنچانے کا الزام تھا۔ٹڈاپ سکینڈل میں پیپلز پارٹی کے مرحوم رہنما مخدوم امین فہیم بھی نامزد تھے۔مقدمات ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹڈاپ) میں مبینہ کرپشن سے متعلق تھے جن میں کئی اعلیٰ عہدیداران شامل تھے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے خلاف ٹڈاپ میں کرپشن سکینڈل کے 26 مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی تھی۔

سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور دیگر کے خلاف ٹڈاپ میں کرپشن سکینڈل کے 26 مقدمات کی سماعت وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ کے روبرو ہوئی تھی۔سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی پیش نہیں ہو سکے تھے۔وفاقی اینٹی کرپشن عدالت نے پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماءاور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر گواہوں کو طلب کرلیا تھا۔ بعدازاں عدالت نے سماعت 8 جنوری 2024 تک ملتوی کردی تھی۔