شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی کل گڑھی خدا بخش بھٹو میں منائی جائے گی ، رکن صوبائی اسمبلی جمیل احمد سومرو کی پریس کانفرنس

جمعرات 3 اپریل 2025 18:21

لاڑکانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2025ء) پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکرٹری اور ایم پی اے لاڑکانہ جمیل احمد سومرو نے کہا ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی (کل ) 4 اپریل کو گڑھی خدا بخش بھٹو میں منائی جائے گی ،برسی کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں،برسی کی ریلی شام 6 بجے شروع ہوگی اور جلسے سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ بھی گڑھی خدا بخش پہنچ رہے ہیں،کینالز کے معاملے پر پیپلز پارٹی پہلے دن سے وفاقی حکومت کے یکطرفہ فیصلے کے خلاف احتجاج کرنے کے ساتھ ساتھ ہر فورم پر آواز اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ارسا نے اس وقت پانی کی 45 فیصد کمی ریکارڈ کی ہے اور محکمہ آبپاشی نے 55 فیصد پانی کی کمی ریکارڈ کی ہے،پانی پر پہلا حق پسماندہ افراد کا ہے اور سندھ پسماندہ صوبہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ کو پانی کے حقوق نہ دیئے گئے تو سندھ کے تحفظات بڑھیں گے، اس لیے وفاق ایسا فیصلہ واپس لے۔انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن لاڑکانہ نے اپنے صدر کی برسی کے موقع پر احتجاج اور دھرنا دینے کا اعلان واپس لے لیا ہے جو کہ اچھی خبر ہے اور ہم اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صدر آصف علی زرداری نے عید الفطر کی نماز نواب شاہ میں ادا کی اور ان کی طبیعت بگڑ گئی جس کے باعث صدر آصف علی زرداری کو کراچی کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا۔

اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانہ کے جنرل سیکرٹری و چیئرمین ضلع کونسل لاڑکانہ اعجاز احمد لغاری، پاکستان پیپلز پارٹی سٹی ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کے صدر و وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی خیر محمد شیخ، پاکستان پیپلز پارٹی سٹی ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کے جنرل سیکرٹری اور میئر لاڑکانہ انور علی لہڑ، پاکستان پیپلز پارٹی سٹی ڈسٹرکٹ لاڑکانہ کے انفارمیشن سیکرٹری اور چیئرمین ایمپائر ٹاؤن ایڈووکیٹ سرفراز حسین بھٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔