سرکٹوا دیں گے نہروں کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹیں گے، شرجیل میمن

پانی سندھ کے کروڑوں لوگوں کی آکسیجن ہے، پنجاب حکومت اب تک واضح نہیں کر سکی پانی کہاں سے آئے گا، شہباز حکومت کے نہیں عوام کے ساتھ ہیں، پریس کانفرنس

ہفتہ 5 اپریل 2025 22:30

سرکٹوا دیں گے نہروں کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹیں گے، شرجیل میمن
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اپریل2025ء)سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ سر کٹوا دیں گے نہروں کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹیں گے، کسی صورت نہروں کو نہیں بننے دیا جائے گا۔کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پانی سندھ کے کروڑوں لوگوں کی آکسیجن ہے، پنجاب حکومت اب تک واضح نہیں کر سکی پانی کہاں سے آئے گا، شہباز حکومت کے نہیں عوام کے ساتھ ہیں، نہروں پر سیاست کرنے والے زیادہ تر پیپلز پارٹی کیخلاف ہیں۔

جماعتیں کونسلر کی ایک نشست نہیں جیت سکتیں، بلاول بھٹو نے واضح کیا افراتفری قبول نہیں کریں گے، عظمیٰ بخاری پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا ٹکراؤ چاہتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ کینالز کسی صورت نہیں بننے دیے جائیں گے اور حکومت پنجاب کے منصوبوں کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ وہ عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، نہ کہ شہباز شریف کے ساتھ ہیں، پیپلز پارٹی کینالز کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے حکومت پنجاب پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ واضح نہیں کر سکی کہ کینالز کے لیے پانی کہاں سے لایا جائے گا، مزید کہا کہ 18 اپریل کو حیدرآباد میں کینالز اور دہشت گردی کے خلاف ایک تاریخی جلسہ منعقد کیا جائے گا، جس میں عوامی حمایت کو اکٹھا کیا جائے گا۔شرجیل انعام میمن نے پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے بیان کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں آئین پڑھنا چاہیے، حکومت پنجاب کا ایجنڈا پیپلز پارٹی اور وفاق کے درمیان تصادم پیدا کرنا ہے لیکن پیپلز پارٹی میچور سیاست کر رہی ہے اور عوامی مفادات کی حفاظت کرے گی۔

خیبر پختونخوا (کے پی) کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا فوکس امن عامہ پر ہونا چاہیے، انہوں نے ماضی میں طالبان کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی وکالت کی تھی، جس سے بدامنی پھیلتی ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور پیپلز پارٹی سندھ کے حقوق کے لیے کسی بھی حد تک جائے گی، کینالز کے معاملے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور عوامی جدوجہد جاری رہے گی۔