Live Updates

عمران خان کو مذاکرات کے لیے راضی کر لیا ہے.اعظم سواتی کا دعوی

سابق وزیراعظم کو نہ صرف ملک بلکہ اس کی آئندہ نسلوں کی بھی فکر ہے یہ ملک سب کا سانجھا ہے.پی ٹی آئی راہنما کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 15 اپریل 2025 13:08

عمران خان کو مذاکرات کے لیے راضی کر لیا ہے.اعظم سواتی کا دعوی
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔15 اپریل ۔2025 )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم خان سواتی نے کہا ہے کہ اگر ملک کو تباہی سے بچانا ہے تو اس کا واحد حل مذاکرات ہیں اعظم سواتی نے دعوی کیا کہ انہوں نے عمران خان کو مذاکرات کے لیے راضی کر لیا ہے. انسداد دہشت گردی عدالت لاہور کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ جب کوئی بات چیت شروع ہوگی تو وہ بہت سود مند ثابت ہوگی اعظم سواتی نے کہاکہ عمران خان کو نہ صرف ملک بلکہ اس کی آئندہ نسلوں کی بھی فکر ہے یہ ملک سب کا سانجھا ہے، اس سے ہماری نسلوں کی تقدیر جڑی ہوئی ہے.

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ پورا پاکستان عمران خان سے محبت کرتا ہے قومی مفاہمت کے لیے سنجیدہ کوششوں کی ضرورت ہے اور سابق وزیراعظم اس عمل میں مثبت کردار ادا کرنے کو تیار ہیں انہوں نے کہا کہ جب کوئی بات چیت شروع ہوگی تو بڑی سود مند ثابت ہو گی ان کا کہنا تھا کہ برف پگھلی ہے یا نہیں، کچھ کہہ نہیں سکتا.  دریں اثنا انسداد دہشتگردی عدالت نے 9 مئی کو کورکمانڈر ہاﺅس پر حملہ کرنے اور جلاﺅگھیراﺅ کے 5 مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی کی عبوری ضمانت میں 13 مئی تک توسیع کر دی ہے انسداد دہشت گردی عدالت کے ایڈمن جج منظر علی گل نے سماعت کی، پولیس کی جانب سے مقدمات کا ریکارڈ عدالت میں پیش نہ کیا گیا، پولیس نے کہا کہ مقدمات کا ریکارڈ سپریم کورٹ میں موجود ہے، سپریم کورٹ میں ملزمان کی ضمانتیں لگی ہوئی ہیں یاد رہے کہ عدالت نے عبوری ضمانتوں میں وکلا سے دلائل طلب کر رکھے تھے.

دوسری جانب پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹری جنرلسلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی میں جنہیں عہدہ نہیں ملا، وہ دل کی بھڑاس نکالتے ہیں اسے اختلاف نہیں کہہ سکتے پارٹی میں چند لوگوں میں اختلاف ہے، پی ٹی آئی چھوڑنے والے کچھ افراد واپس آنے کے متمنی ہیں. ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پارٹی میں جن لوگوں میں اختلاف ہے انہیں انگلیوں پرگنا جاسکتا ہے، پارٹی چھوڑنے والے کچھ افراد واپس آنے کے متمنی ہے.

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ یہ لوگ دشنام طرازی کرتے ہیں، ان کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں، اسے اختلاف نہیں کہہ سکتے، جنہیں عہدہ نہیں ملا وہ بھی دل کی بھڑاس نکالتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم اسے بھی اختلاف نہیں کہہ سکتے، فہرست کے بغیر عمران خان سے ملاقات کرنے والے کو پارٹی سے منحرف سمجھا جائے گا.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات