ماضی میں 4 سال جن کی حکومت تھی وہ خزانے جیبوں میں بھرتے رہے ، مریم نواز

وزیراعلیٰ پنجاب نے پہلی ماحولیاتی تحفظ فورس کی بنیاد رکھ دی، مسلم لیگ ن کے آنے سے پہلے ڈیفالٹ کی باتیں کی جاتی تھیں آج ملک ڈیفالٹ کرنے کی نہیں بلکہ سٹاک ایکسچینج کے اوپر جانے اور ریٹنگ بڑھنے کی خبریں آرہی ہیں، مریم نواز کا تقریب سے خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 16 اپریل 2025 16:25

ماضی میں 4 سال جن کی حکومت تھی وہ خزانے جیبوں میں بھرتے رہے ، مریم نواز
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اپریل 2025) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ ماضی میں 4سال جن کی حکومت تھی وہ خزانے جیبوں میں بھرتے رہے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پہلی ماحولیاتی تحفظ فورس کی بنیاد رکھ دی،لاہور میں ماحولیاتی تحفظ فورس پنجاب کی پاسنگ آوٹ پریڈ تقریب کا انعقاد کیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے خصوصی شرکت کی، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ماحولیاتی تحفظ فورس کی بنیاد رکھی، اس موقع پر پرچم کشائی کی گئی اور قومی ترانہ بھی بجایا گیا۔

ماحولیاتی تحفظ فورس کے ویجیلینس سکواڈ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو سلامی پیش کی گئی۔اس موقع پرسینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی موجود تھیں۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے آنے سے پہلے ڈیفالٹ کی باتیں کی جاتی تھیں۔آج ملک ڈیفالٹ کرنے کی نہیں بلکہ سٹاک ایکسچینج کے اوپر جانے اور ریٹنگ بڑھنے کی خبریں آرہی ہیں۔

آج کوئی ڈیفالٹ کا نام نہیں لیتا۔ آج عالمی ادارے ملکی معیشت میں بہتری کی بات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سے پہلے پنجاب اور پاکستان کی حالت ابتر تھی۔ ہم سے پہلے کی حکومت نے کام کیا ہوتا تو پنجاب کی یہ حالت نہ ہوتی۔ پہلی بار پنجاب حکومت نے ماحولیات تحفظ پالیسی بنائی ہے۔ آلودگی سے بچاو کی تدبیر کرنا میرا خواب تھا۔ عوام جس فضا میں سانس لیتے ہیں اسے صاف بنانا ہماری ترجیح ہے۔

سموگ کی وجہ سے بہت سی بیماریاں جنم لیتی ہیں اورسموگ کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند کرنے پڑتے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی کے باعث فضا بری طرح متاثر ہوئی۔ماحولیاتی تحفظ کی خلاف ورزی کرنے والوں کی مانیٹرنگ کی جا ئے گی جو بھٹے آلودگی کا سبب بن رہے ہیں ان کا سد باب کرنا ضروری ہے۔ اینٹوں کے بھٹوں کو آلودگی کے باعث بند کیا جاتا ہے۔ اور اینٹوں کے بھٹے گرائے جانے سے لوگ بیروزگار ہوجاتے ہیں۔

لیکن میں لوگوں کو بےروزگار نہیں کرنا چاہتی۔ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم نے مل کر اس کو بہتر بنانا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مزید کہا کہ ماحولیات تحفظ سکواڈ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے۔ قلیل عرصے میں ماحولیات تحفظ سکواڈ کے قیام کا خواب پورا ہوا۔ماحولیاتی تحفظ میں سکواڈز مختلف اہداف کیلئے بنائے گئے ہیں۔ ای بائیکس سکواڈ انیشیٹو کو گراﺅنڈ پر دیکھے گا اور گرین سکواڈ فضائی آلودگی سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی کو مانیٹر کرے گا۔

جبکہ بلیک سکواڈ گاڑیوں اور فیول کی ٹیسٹنگ کرے گا۔ ائیر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم بھی لگائے گئے ہیں جو گاڑی سموگ کا باعث ہو گی اسے روکا جائے گا۔ کوششوں سے پنجاب ایک بار پھر سرسبز اور شاداب ہو جائے گا۔ پنجاب میں ملین درخت لگا چکے ہیں اور مزید لگا رہے ہیں۔موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے ہمارا ماحول بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔سموگ کی وجہ سے بہت سی بیماریاں جنم لیتی ہیں۔

عوام جس فضا میں سانس لیتے ہیں اسے صاف بنانا ہماری ترجیح ہے۔مریم نوازکایہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف اور شہباز شریف کی کوششوں سے مہنگائی کم ہوتی جا رہی ہے۔ آٹے اور روٹی کی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں۔100 ارب روپے کی فری دوائیاں ہسپتالوں میں دے رہے ہیں۔وزیر اعظم شہباز شریف اور دیگر سٹیک ہولڈرز نے بہت محنت کی یہی وجہ ہے کہ آج پاکستان کے کسی کونے سے ڈیفالٹ کی آواز نہیں آ رہی۔

آج اسٹاک ایکسچینج میں اضافے اور ریٹنگ میں بہتری کی خبریں آرہی ہیں۔ کہا گیا کہ اوورسیز پاکستانی پیسے نہ بھیجیں لیکن اوورسیز پاکستانیوں نے اتنی ترسیلات بھیجیں کہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔وزیر اعظم کی کوششوں کی وجہ سے مہنگائی کم ترین سطح پر ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کی۔ آج 25 روپے والی روٹی 12 روپے کی ہو گئی ہے۔ آٹا سستا ہو تو کوئی بھوکا نہیں سوئے گا۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں دوائی ہونے کے باوجود مریضوں کو کہا جا رہا تھا باہر سے لے کر آئیں جبکہ 100 ارب روپے کی فری دوائیاں ہسپتالوں میں دے رہے ہیں۔ کسی کی کیا جرات ہے کہ مریض کو کہے باہر سے دوائی لے کر آئیں۔