عمرکوٹ ضمنی انتخابات میں ہار کے خوف سے پیپلزپارٹی کی جانب سے کروڑوں کی رشوت دینے کے اطلاعات ملی ہیں، حلیم عادل شیخ

بدھ 16 اپریل 2025 20:40

میرپور خاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے ملک ہاؤس میرپورخاص میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اطلاعات ملی ہیں کہ پیپلزپارٹی نے ایس ایس پی اور ڈپٹی کمشنر کو دھاندلی کے لئے کروڑوں روپے رشوت دی ہے، جبکہ کئی پریزائیڈنگ افسران نے ڈیوٹی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔

ملک ہائوس میر پورخاص میں پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ کے ہمراہ پی ٹی آئی سندھ کے رہنما جمال صدیقی، محسن گھمن، راجا عبدالحق، میرپورخاص ڈویژن کے صدر آفتاب قریشی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ حلیم عادل شیخ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے مزید کہا نے کہا پولیس کو باہر سے بلوایا جا رہا ہے تاکہ دھاندلی کرائی جائے، لیکن عوام کل باہر نکلے گی اور فارم 47 کا خود تحفظ کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے متنبہ کیا کہ اگر کسی افسر نے قانون کی خلاف ورزی کی تو عوام ان کا محاسبہ کرے گی۔ "یہ ووٹ سندھ کے مستقبل کا ووٹ ہے، ہم کسی کو سندھ کے وسائل پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ وزیر داخلہ عمرکوٹ میں کیا کر رہے ہیں باہر سے پولیس کے ہمراہ انہوں نے دھاندلی کا پروگرام بنایا ہے لیکن اس بار عوام جاگ چکی ہے، ان کی ٹھپہ گردی نہیں چلے گی۔

وزیر اعلی سندھ تین مرتبہ عمرکوٹ تعزیت پر آچکے ہیں، یہ لوگ سیاسی مشینری کے ذریعے انتخابات پر اثر انداز ہونا چاہتے ہیں، لیکن کل کے ہمارے جلسے نے پیپلزپارٹی کے ہوش اڑا دیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لال چند مالہی، جو کہ پی ٹی آئی کے سابق ایم این اے رہ چکے ہیں، اس وقت پی ٹی آئی اور دریائے سندھ بچا تحریک کے مشترکہ امیدوار ہیں۔ یہ تحریک 11 سیاسی جماعتوں پر مشتمل ہے جو لال مالہی کی بھرپور حمایت کر رہی ہیں۔

حلیم عادل نے کہا کہ یہ انتخاب سندھ کو بچانے والوں اور تباہ کرنے والوں کے درمیان فیصلہ کن معرکہ ہے۔انہوں نے دعوی کیا کہ لال مالہی یہ ضمنی الیکشن جیت چکے ہیں اور پیپلزپارٹی کو شکست واضح نظر آ رہی ہے۔ حلیم عادل شیخ نے کہا این ین 213 ضمنی انتخابات عوامی ریفرنڈم ثابت ہوگا اور پیپلزپارٹی کے خاتمے کی شروعات ہوگی۔انہوں نے شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آصف علی زرداری نے دریائے سندھ پر چھ کئنالوں کی منظوری دے کر سندھ کے عوام سے غداری کی ہے۔

انہوں نے کہا ارسا ترمیمی ایکٹ سابق صدر ڈاکٹر عارف علوی کے دور لایا گیا لیکن سندھ دشمن ایکٹ پر ڈاکٹر عارف علوی نے دستخط نہیں کی، لیکن آصف علی زرداری صدر بنے تو انہوں نے دیر نہ کی اور سندھ کے پانی کا سودہ کردیا۔حلیم عادل نے متنبہ کیا کہ اگر دو دن میں دریائے سندھ پر چھ کئنالوں جے منصوبے ختم نہ کیے گئے تو ہم وکلا برادری اور عوام کے ساتھ سڑکوں پر نکلیں گے اور بھرپور احتجاج کریں گے۔

انہوں نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں کئنال کے خلاف عمر ایوب اور شبلی فراز کی جانب سے پیش کی گئی قراردادوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی واقعی سندھ کے عوام کے ساتھ ہے تو وہ ان قراردادوں کے حق میں ووٹ دے پیپلزپارٹی سندھ کے پانی کے اشو پر بھاگ رہی ہے۔ حلیم عادل نے انتظامیہ پر بھی الزامات عائد کیے کہ ڈپٹی کمشنر نے ہمیں جلسے کے لیے گرانڈ دینے سے انکار کر دیا تھا، کہا گیا کہ پیپلزپارٹی وہاں جلسہ کرے گی، لیکن وہ خود فرار ہوگئے۔

ہمیں کھلی سڑک پر جلسے کی اجازت دی گئی اور عوام کا جم غفیر دیکھ کر پیپلزپارٹی کی ٹانگیں کانپنے لگیں۔پیپلزپارٹی کے خلاف عوامی ردعمل پر بات کرتے ہوئے حلیم عادل نے کہا کہ آج سندھ کی عوام پیپلزپارٹی سے تنگ آچکی ہے، ان کے وزرا اور مشیر اپنے پروٹوکول کے بغیر عوام میں نہیں جا سکتے، لوگ ان کو بددعائیں دے رہے ہیں۔ "پیپلزپارٹی عمرکوٹ کے ضمنی الیکشن میں کہیں نظر نہیں آئی، جبکہ ہم نے انتخابی مہم میں بھرپور حصہ لیا۔پریس کانفرنس کے آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ میرپورخاص کی لیڈری پولیس اہلکار مہوش جروار کے قتل میں انصاف فراہم کیا جائے، جیل سپرنٹنڈنٹ کو فوری معطل کیا جائے اور ورثا کو مکمل انصاف دیا جائے۔