Live Updates

ملاقات کے وعدے کے باوجود عمران خان کی بہنوں کو پھر اڈیالہ جیل کے باہر روک لیا گیا

اڈیالہ جیل جانے والے راستوں پر پھر رکاوٹیں لگاتے ہوئے پولیس تعینات کردی گئی، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو پولیس نے گورکھپور ناکے پر روک دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 17 اپریل 2025 15:26

ملاقات کے وعدے کے باوجود عمران خان کی بہنوں کو پھر اڈیالہ جیل کے باہر ..
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 اپریل 2025ء ) جیل حکام کی جانب سے ملاقات کے وعدے کے باوجود سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں کو آج پھر اڈیالہ جیل کے باہر ہی روک لیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی بہنوں کو آج بھی اڈیالہ جیل کے باہر چوکی پر روک لیا گیا جب کہ آج پولیس نے عمران خان کی بہنوں کی ان کے بھائی سے ملاقات کرانے کا وعدہ کیا تھا، اس کے باوجود اڈیالہ جیل جانے والے راستوں پر پھر رکاوٹیں لگاتے ہوئے پولیس تعینات کردی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کو پولیس نے گورکھپور ناکے پر روک دیا، عمر ایوب کو اڈیالہ جیل کی طرف جانے کی اجازت نہیں دی گئی، اسی طرح صاحبزادہ حامد رضا اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بچھر کو بھی پولیس نے اڈیالہ جیل جانے سے روک دیا، اس موقع پر صاحبزادہ حامد رضا نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہمارے پاس کوئی راستہ نہیں بچا سوائے اس کے کہ ہم یہاں پر امن طور پر آنے کی کال دیں، لارجر بنچ کے فیصلے آئے، کل چیف جسٹس نے سلمان صفدر کی ملاقات کا کہا لیکن نہیں ملنے دے رہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان سابق وزیر اعظم ہیں، وہ ملک کی شناخت ہیں، ان کے ساتھ یہ رویہ ہے تو پھر کیا توقع کی جاسکتی ہے، میرا نام کبھی بھی کمپرومائزڈ لوگوں کی فہرست میں شامل نہیں ہوگا، میں آج تحقیق کی ہے فارووڈ ایز رسیوڈ نہیں کیا کہ ملاقاتیں کیوں نہیں دی جارہی ہیں، پارٹی کے اندر ملاقاتوں کو لے کر تشویش تو ہے، سلمان اکرم راجہ جو فہرست بھیجتے ہیں ان کو ملاقات نہیں کرنے دی جاتی باقی لوگوں کو دی جاتی ہے، پارلیمانی کمیٹی یا سیاسی کمیٹی میں ہم اوتھ لے کر بیٹھتے ہیں لہذا اندر کی باتیں باہر نہیں کروں گا، کچھ لوگوں کے متعلق عام رائے ہے کہ وہ کمپرومائزڈ ہیں، جو لوگ اندر جاتے ہیں ان کے متعلق سوالات تو موجود ہیں، میں کمپرومائز پر لعنت بھیجتا ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات