Live Updates

پیپلزپارٹی بجٹ سے پہلے کینالز منصوبہ مسترد کروائے گی، وزیراعلیٰ سندھ کا دعویٰ

میں نے خود کینالز کے معاملے پر سروے کروایا جو کام ہوا تھا وہ اب بند ہو چکا، کینالز کے خلاف 25 اپریل کو سکھر میں جلسہ ہوگا؛ مراد علی شاہ کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 19 اپریل 2025 12:42

پیپلزپارٹی بجٹ سے پہلے کینالز منصوبہ مسترد کروائے گی، وزیراعلیٰ سندھ ..
حیدر آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اپریل 2025ء ) وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ ہمارے ہوتے ہوئے سندھ کے خلاف کوئی بھی سازش نہیں کرسکتا، پیپلزپارٹی بجٹ سے پہلے کینالز کا منصوبہ مسترد کروائے گی۔ بھان سعید آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے خود کینالز کے معاملے پر سروے کروایا جو کام ہوا تھا وہ اب بند ہو چکا ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہہ دیا ہے کہ کینالز کے معاملے پر عوام کے ساتھ ہیں، سوشل میڈیا پر تاثر دیا گیا کہ سندھ کے عوام پیپلز پارٹی سے ناراض ہیں لیکن عمرکوٹ والوں نے سازشی عناصر کو واضح پیغام دیا کہ عوام ہمارے کے ساتھ ہیں، کینالز کے خلاف 25 اپریل کو سکھر میں جلسہ ہوگا۔

مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ مسلم لیگ ن کے لوگوں نے کینالز کے بارے میں غلط بیانی کی اور بعد میں اس پر معافی بھی مانگی، احتجاج کرنا پورے سندھ کا حق ہے کسی کو نہیں روکا، کل کے جلسے میں تمام جماعتوں کو شرکت کرنی چاہیئے تھی، بطور وزیر اعلیٰ سندھ میں نے وفاق کے سامنے بھرپور مؤقف رکھا ہے، ہم کینالز کے خلاف مشترکہ مفادات کونسل میں گئے جہاں ہمارے احتجاج کے بعد ایکنک اجلاس سے کینالز کا ایجنڈا نکالا گیا۔

(جاری ہے)

اسی معاملے پر گزشتہ روز حیدر آباد میں جلسے سے خطاب میں چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شیر والوں کا ہر منصوبہ کسان دشمن اور ہاری دشمن ہوتا ہے، یہ شیر والے عوام کا خون چوستے ہیں اور کچھ نہیں کرتے، پہلے انہوں نے گندم سکینڈل کے ذریعے کسانوں کا معاشی قتل کیا، زرعی ٹیکس کے نام پر انہوں نے کسانوں اور ہاریوں کا جینا دوبھر کر دیا، کسانوں اور ہاریوں کے معاشی قتل کا بندوبست تو ہو چکا ہے، اب یہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ ریگستان کو زرعی زمین بنائیں گے، یہ لوگ چولستان میں ریگستان پر کاشت کرنا چاہتے ہیں لیکن پانی تو موجود ہی نہیں اور پانی کی قلت ہے، تھرپارکر اور چولستان بھی ہمارے ہی علاقے ہیں، کیوں نہیں چاہوں گا کہ تھرپارکر اور چولستان میں ترقی ہو، تھرپارکر اور چولستان کو آباد کرنا ہے تو بسم اللہ مگر دریائے سندھ پر سودا قبول نہیں کریں گے۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات