گندم کی نئی فصل مارکیٹ میں آگئی لیکن سرکاری خریداری سے حکومتی انکارپرکاشتکار دیوالیہ ہورہا ہے

کسان کو اُس کی محنت اور فصل کی قیمت نہیں مِل رہی، وزیراعلیٰ پنجاب نمائشی اقدامات کے لیے رنگ بازوں اور نوکرشاہی کے شکنجے میں اُلجھی ہوئی ہے۔نائب امیرجماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 21 اپریل 2025 22:06

گندم کی نئی فصل مارکیٹ میں آگئی لیکن سرکاری خریداری سے حکومتی انکارپرکاشتکار ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 21 اپریل 2025ء ) نائب امیر جماعتِ اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی اُمور کے صدر لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں فقیدالمثال غزہ مارچ کی کامیابی پر امیر جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمن کو جراتمندانہ قیادت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لاہور، کراچی، ملتان کے بعد اسلام آباد میں یکجہتی فلسطین کا واشگاف اظہار 25 کرور عوام، مرد و خواتین، نوجوانوں کا فلسطین و کشمیر سے غیرمتزلزل محبت و عقیدت کا اظہار ہے۔

26 اپریل کو ملک بھر میں تاجر برادری کی شٹرڈاؤن ہڑتال بھی تاریخ ساز ہوگی۔ جماعت، اسلامی اور تاجر برادری نے فلسطینیوں سے یکجہتی کے اظہار کے لیے 26 اپریل کو ملک گیر ہڑتال پر متفقہ فیصلہ کرلیا، جس کا اعلان حافظ نعیم الرحمن نے ملتان اور اسلام آباد کے غزہ مارچز میں کردیا۔

(جاری ہے)

پاکستان کے عوام نے غزہ مارچ میں فلسطین و کشمیر پر اپنے دائمی، غیرمتزلزل، مستحکم جذبات کا اظہار کردیا ہے، حکومت اور پالیسی ساز ادارے عوامی جذبات کا احترام کرتے ہوئے سفارتی، اقتصادی اور عسکری محاذوں پر فعال حکمتِ عملی بنائے وگرنہ 26 اپریل کے بعد حکومت اور پالیسی سازوں کے لیے عوام کا شدید ردعمل آئے گا۔

لیاقت بلوچ نے لاہور میں حج تربیتی پروگرام، یکجہتی فلسطین آل پارٹیز کانفرنس اور گروپ آف کالجز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل اور انسانی صلاحیتوں سے مالا مال ہے۔ آئین، جمہوریت، دو قومی نظریہ، قائد و اقبال کی فِکر سے انحراف کی وجہ سے پاکسان کو لاتعداد مسائل اور بحرانوں کا سامنا ہے۔ پوری قوم کو صرف پارٹیوں اور لیڈروں کی غلطیوں کی ہی گنتی نہیں کرنی بلکہ اپنی غلطیوں اور جھوٹ، فریب، دغابازی کے سحر میں مبتلا ہوکر اپنی جمہوری طاقت کو ضائع کرنے والے مائنڈ سیٹ سے نجات حاصل کرنا ہوگی۔

پورے ملک میں یکجہتی فلسطین پر عوام کے پاکیزہ جذبات کا اظہار ہوا کا تازہ جھونکا ہے۔ قومی ترجیحات پر قومی قیادت اتفاقِ رائے پیدا کرکے بحران کو ختم کرسکتی ہے اور ملک میں سیاسی، معاشی استحکام آسکتا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومت، انتظامیہ اور پالیسی سازوں کا اسلام آباد میں فلسطین مارچ روکنے کا فیصلہ مہلک اقدام تھا لیکن وزارتِ داخلہ، اسلام آباد انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات کی بنیاد پر فیصلہ تبدیل ہوا۔

پُرامن یکجہتی فلسطین مارچ سے نہ صرف پاکستان بلکہ خود حکومت اور انتطامی اداروں کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔ اِسی طرح ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو قومی جذبہ کیساتھ بحرانوں سے نکلنے کا حل تلاش کرنا ہوگا۔ پوری قوم سیاسی قیادت کی طرف دیکھ رہی ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم بلوچستان کے حالات پر قومی کانفرنس کے انعقاد، دہشت گردی کے خاتمہ کے لیے ازسرِنو قومی اتفاقِ رائے سے قومی ایکشن پلان تشکیل دے اور پانی کی تقسیم، نہروں کی تعمیر کے مسئلہ پر مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس بلائے۔

قومی یکجہتی و استحکام سے متعلق مسئلہ پر کونسل کے اجلاس بلانے میں غفلت اور غیرضروری تاخیر خوفناک نتائج کا باعث بن سکتی ہے۔ وفاقی حکومت تجاہلِ عازمانہ اور خوفزدگی میں فیڈریشن کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا رہی ہے۔ گندم کی نئی فصل مارکیٹ میں آگئی، گندم کی سرکاری خریداری سے حکومتی انکار اور اوپن مارکیٹ میں گندم کی جائز قیمت نہ ملنے کے باعث گندم کا کاشتکار دیوالیہ ہورہا ہے۔ کسان کو اُس کی محنت اور فصل کی قیمت نہیں مِل رہی۔ پنجاب حکومت گذشتہ سال کی طرح نمائشی اقدامات کررہی ہے، جس سے زراعت کی بہتری اور کِسانوں کو بربادی سے نجات کا کوئی امکان نہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نمائشی اقدامات کے لیے رنگ بازوں اور نوکرشاہی کے شکنجے میں اُلجھی ہوئی ہے۔