پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے چوتھی ای کچہری کا انعقاد، شکایات متعلقہ شعبوں کو بھجوا دی گئیں

بدھ 23 اپریل 2025 20:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اپریل2025ء) پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کی چوتھی ای کچہری کے دوران ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کو بڑے طیاروں کے لئے اپ گریڈ کرنے، پشاور ایئرپورٹ پر ایئر سائیڈ اور پارکنگ کی سہولیات کو بہتر بنانے کے علاوہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ بزنس پلان کو پرکشش بنانے کی یقین دہانی کرائی گئی اور مسافروں کے گمشدہ سامان کی شکایات متعلقہ شعبوں کو بھجوا دی گئیں۔

پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے بدھ کو جاری بیان کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ورکس اینڈ ڈویلپمنٹ سمیر سعید نے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر دفاع و ہوا بازی خواجہ محمد آصف کی ہدایت پر چوتھی ای کچہری کا انعقاد کیا تاکہ مسافروں بالخصوص تارکین وطن پاکستانیوں کو ملکی ہوائی اڈوں اور ایئرلائنز سے متعلق مسائل اور مشکلات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ای کچہری میں ڈیرہ غازی خان ایئرپورٹ کو اے 320 طیاروں کے لیے اگلے سال کے آخر تک اپ گریڈ کرنے، پشاور ایئرپورٹ پر ایئر سائیڈ اور پارکنگ سہولیات بہتر بنانے، نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ بزنس پلان کو ایئر لائنز کے لئے پرکشش بنانے، ایئر لائن عملے کے رویے اور سامان گم ہونے کی شکایات سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کو بھجوائی جائیں گی جبکہ لاہور ایئرپورٹ پر فرسٹ ایڈ کٹس میں ٹیٹنس کے ٹیکے شامل کرنے کی ہدایت کی گئی۔