وزیراعظم اور بلاول ملاقات میں کئے گئے فیصلے قومی وحدت، آئینی تقاضوں اور بین الصوبائی ہم آہنگی کی ایک عملی مثال ہیں، فیصل کریم کنڈی

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سندھ طاس معاہدے اور بھارت کے خلاف دو ٹوک موقف قابل تحسین ہے، گور نر خیبر پختون خوا

جمعہ 25 اپریل 2025 15:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے نہروں کی تعمیر سے متعلق حالیہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیے گئے فیصلے قومی وحدت، آئینی تقاضوں اور بین الصوبائی ہم آہنگی کی ایک عملی مثال ہیں۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ پوری قوم ان فیصلوں کا بھرپور خیر مقدم کرتی ہے انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ وزیر اعظم نے تمام صوبوں کے اتفاق رائے کو لازم قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ جب تک مشترکہ مفادات کونسل میں منظوری نہیں ملتی، کوئی نئی نہر تعمیر نہیں کی جائے گی۔ انہوںنے کہاکہ یہ فیصلہ نہ صرف آئینی اصولوں کے مطابق ہے بلکہ چھوٹے صوبوں کے تحفظات کو دور کرنے میں بھی اہم سنگ میل ہے۔

(جاری ہے)

گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سندھ طاس معاہدے اور بھارت کے خلاف دو ٹوک موقف قابل تحسین ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کے پانی کے حقوق کے تحفظ کے لیے ان کا مؤقف پورے وفاق کی ترجمانی کرتا ہے،یہ فیصلے پیپلز پارٹی کے اصولی مؤقف اور وفاقی حکومت کی بصیرت کا مظہر ہیں کہ ہر اہم قومی منصوبے پر تمام اکائیوں کی رضامندی حاصل کی جائے۔انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ یہ رویہ نہ صرف ملک میں سیاسی درجہ حرارت کو کم کرے گا بلکہ بین الصوبائی اعتماد کو بھی فروغ دے گا۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اس جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے تمام مسائل کو بات چیت اور مشاورت سے حل کریں۔