Live Updates

پاکستان تحریک انصاف ایک طویل جدوجہد کا نام ہے،ہم ایسا عدالتی نظام چاہتے ہیں جس پر پوری قوم کو اعتماد ہو،اسد قیصر

اگر عدلیہ آزاد نہ ہوا تو ملک نہیں چل سکتے،ہمارے آپس میں اختلافات ہونگے اور لڑائیاں بھی ہونگی اور ہم اپنے حق کے لیے لڑیں گے ،ملک پاکستان کے دفاع کے لیے ہم سب ایک ہیں، سابق سپیکر قومی اسمبلی

جمعہ 25 اپریل 2025 17:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2025ء) سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ایک طویل جدوجہد کا نام ہے،ہم ایسا عدالتی نظام چاہتے ہیں جس پر پوری قوم کو اعتماد ہو،اگر عدلیہ آزاد نہ ہوا تو ملک نہیں چل سکتے،ہمارے آپس میں اختلافات ہونگے اور لڑائیاں بھی ہونگی اور ہم اپنے حق کے لیے لڑیں گے ،ملک پاکستان کے دفاع کے لیے ہم سب ایک ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے 29 ویں یوم تاسیس کے موقع پر سابق اسپیکر قومی اسمبلی اور بانی رکن پاکستان تحریک انصاف اسد قیصرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف ایک طویل جدوجہد کا نام ہے۔ پارٹی کی بنیاد انصاف کے نظام کے قیام کے لیے رکھی گئی، 2011 میں پارٹی نے ڈرآون حملوں کے خلاف دھرنا دیا، پاکستان تحریک انصاف رول آف لاء پر یقین رکھتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم ایسا عدالتی نظام چاہتے ہیں جس پر پوری قوم کو اعتماد ہو، آج پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ عدالتی نظام سے پورے ملک کا اعتماد اٹھ چکا ہے۔ عدلیہ کو مفلوج کر دیا گیا اگر عدلیہ آزاد نہ ہوا تو ملک نہیں چل سکتے۔ مرکزی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ عدلیہ کو کہنا چاہتا ہوں کہ آپ آزاد فیصلے کریں پورا ملک آپ کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوںنے کہاکہ کسی کے کہنے یا کسی سے ڈکٹیشن لے کر فیصلہ نہ کریں پوری قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے۔ اسد قیصر نے بھارت کے ساتھ کشیدگی اور بھارتی جارحیت پر مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مودی جی ! کشمیر اور ہندوستان میں مسلمانوں کے ساتھ آپ نے ظلم کی انتہا کر دی اور آپ کو کوئی غلط فہمی ہے کہ ہماری آپس میں کوئی تقسیم ہے تو یہ آپ کو غلط مہمی ہے۔

انہوںنے کہاکہ ہمارے آپس میں اختلافات بھی ہونگے اور لڑائیاں بھی ہونگی اور ہم اپنے حق کے لیے لڑیں گے مگر ملک پاکستان کے دفاع کے لیے ہم سب ایک ہیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کا سب مقبول لیڈر عمران خان ہے ان کو ناحق قید میں رکھا گیا ہے، ان کے جیل میں ہونے کے باوجود ہم پاکستانی اپنے ملک کے دفاع کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن کر سامنے کھڑے ہونگے اور ہر دشمن کا منہ توڑ جواب دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مودی نے سندھ طاس معاہدہ ختم کر کے عملا جنگ کا اعلان کیا۔اسد قیصر نے کہا کہ ملک میں آئین اور قانون کی جدوجہد جاری رکھیں گے اور ملک کو حقیقی معنوں میں قائداعظم کا پاکستان بنائیں گے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات