Live Updates

مقبوضہ جموں وکشمیر، بھارتی فوجیوں نے ایک نوجوان شہید ،2کشمیریوں کے گھر مسمار کر دیے

جمعہ 25 اپریل 2025 17:10

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیرمیں بھارتی فورسز نے مختلف اضلاع میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور چھاپوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ بھارتی فوجیوں نے ایک کشمیری نوجوان کو شہید کر دیا جبکہ دو کے گھر مسمار کر دیے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوان کو ضلع بانڈی پورہ کے علاقے کلنار میں ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا۔

مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ فوجیوں نے نوجوان کو ایک روز قبل گرفتار کیا تھا۔ قبل ازیں کلنار میں ایک حملے میں دو بھارتی فوجی زخمی ہو گئے تھے۔ بھارتی فورسز نے اسلام آباد کے علاقے بیج بہاڑہ میں عادل ٹھوکر اور پلوامہ کے علاقے ترال میں آصف شیخ کے گھروں کو دھماکہ خیز مواد کے ذریعے منہدم کردیا۔

(جاری ہے)

عادل ٹھوکر اور آصف شیخ کے گھر انکی آزادی پسند سرگرمیوں کی پاداش میں منہدم کیے گئے۔

بھارتی فورسز کی طرف سے بارہمولہ، کپواڑہ، اسلام آباد، کولگام، شوپیاں، پلوامہ، راجوری، پونچھ، ادھم پور، ڈوڈہ، کشتواڑ اور ریاسی اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ قابض بھارتی اہلکار گھروں میں گھس کرخواتین اور بچوں سمیت مکینوں کو سخت ہراساں کر رہے ہیں ۔ فورسز اہلکاروں نے گزشتہ چند دنوں کے دوران مختلف علاقوں سے سینکڑوں کشمیری نوجوان گرفتار کر لیے ہیں۔

دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں بھارتی فورسز کے وحشیانہ ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں حق خودارادیت کے کشمیریوں کے جائز مطالبے کو خاموش کرانے کی کوشش قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی تک اپنی پرامن جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔

ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال کا فوری نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے بھارت پر دبائو ڈالے ۔ ادھر پونچھ کے بس سٹینڈ سے محمد عارف نامی شہری کی لاش پر اسرار حالت میں برآمد ہوئی ہے۔ مقامی لوگوںکا کہنا ہے کہ محمد عارف کو آر ایس ایس اور بی جے پی کے غنڈوں نے قتل کیا ہے۔ مظفرآباد میں پاکستانی عوام اور مسلح افواج سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک بڑی ریلی نکالی گئی۔

ریلی میںحریت رہنما اور بڑی تعداد میں لوگ شریک تھے ۔ شرکانے پہلگام واقعے کی آڑ میں کشمیریوں کی منصفانہ تحریک آزادی اور پاکستان کو بدنام کرنے کی بھارت کی کوشش کی شدید مذمت کی۔ کشمیری مہاجرین کی تنظیم ”پاسبان حریت “نے بھی مقبوضہ جموںوکشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی بھارتی کوششوں اور وقف ترمیمی قانون کے ذریعے مسلم اداروں کو کمزور کرنے کیخلاف مظفر آباد میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات