بھارت پانی چوری کرنا چاہتا ہے، پاکستان پانی کے ہر قطرے کی حفاظت کرے گا،وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری

ہفتہ 26 اپریل 2025 10:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2025ء) وفاقی وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ بھارت پانی چوری کرنا چاہتا ہے، پاکستان پانی کے ہر قطرے کی حفاظت کرے گا،بانی پی ٹی آئی پاکستان کی ترقی سے خوش نہیں ہو سکتا ۔ انہوں نے قوم کو بانٹ کر حکومت کی، نفرت اور تقسیم کی سیاست کی،وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہے،ن لیگ نوجوانوں کو روشن مستقبل دے گی۔

وہ گزشتہ روز ملتان میں مسلم لیگ( ن) ڈویژن کے زیرِ اہتمام منعقدہ جلسے سے خطاب کر رہے تھے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ن لیگ نے سیاست نہیں، ریاست بچائی،ذات کی نہیں ملک کی سیاست کرتے ہیں۔ اویس لغاری نے کہا کہ ہر روز دشمنوں کے خلاف نئی جنگ لڑنی پڑتی ہے،بانی پی ٹی آئی نے 40 ہزار دہشتگرد ملک میں بسائے، اپنے دور میں کشمیر بیچ دیا ،آج اگر وہ ہوتا تو پانی بھی بیچ دیتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مودی نظریہ پاکستان کے خلاف سازشیں کر رہا ہے،بھارت پانی چوری کرنا چاہتا ہے،پاکستان پانی کے ہر قطرے کی حفاظت کرے گا،بھارت میں اقلیتیں غیر محفوظ ہیں۔ اویس لغاری نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی کی گئی ہے ،عوام کو 160 ارب روپے کا ریلیف ملا،اب صارف خود ریڈنگ لے سکے گا،موبائل سے میٹر کی تصویر بھیج کر بل تیار ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے،بانی پی ٹی آئی پاکستان کی ترقی سے خوش نہیں ہو سکتا، انہوں نے قوم کو بانٹ کر حکومت کی،خان صاحب نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کی،گوگی اور گوگا گینگ نے اربوں کمائے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف کی قیادت میں معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہے، مہنگائی کم ہو رہی ہے، معیشت میں استحکام آ رہا ہے،ن لیگ نوجوانوں کو روشن مستقبل دے گی۔انہوں نے کہا کہ امریکا میں فلسطین کے حق میں مظاہرین کی آواز دبائی گئی،یہاں ہر کسی کو بولنے کی آزادی ہے،پاکستان کی جمہوریت مغرب سے بہتر ہے،اگلے 4 سال میں پاکستان ترقی کی راہ پر ہو گا۔