Live Updates

ملک کا مستقبل روشن ہے، ہم جاگ رہے ہیں ، بھارت نے جارحیت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،پہلگام واقعہ پری پلان ڈرامہ ہے ،ڈپٹی وزیر اعظم

اتوار 27 اپریل 2025 00:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) ڈپٹی وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملک کا مستقبل روشن ہے، ہم جاگ رہے ہیں ، بھارت نے جارحیت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے،پہلگام واقعہ پری پلان ڈرامہ ہے، بھارت ماضی میں بھی ایسے ڈرامے کر چکا ہے،گورنمنٹ کالج لاہور نے پاکستان کو قابل اور مرکزی قیادت دی ہے ،اس مادر علمی نے پاکستان کیلئے بہت کچھ کیا،تمام اداروں میں اہم عہدوں پر فائز شخصیات کا تعلق اسی تعلیمی ادارے سے ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز یہاں اولڈ راوینز ایسوسی ایشن لاہور کے سالانہ عشائیہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پروفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وائس چانسلر جی سی یو عمر چوہدری،نامور صحافی سہیل وڑائچ، خالد عباس ڈار، شہباز شیخ، علی ظفر ،سابق وائس چانسلر اصغر زیدی سمیت اولڈراوینز کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی کے حامل اولڈ راوینز میں ایوارڈز بھی تقسیم کئے گئے۔ ڈپٹی نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کو ان کے غیر ذمہ دارانہ فیصلوں کے بدلے میں پاکستان نے بھی دشمن ملک کو اسی طرح کا سخت رد عمل دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنا مودی حکومت کا سب سے بڑا غیر ذمہ دارانہ اعلان ہے اور اس طرح کے فیصلے توجنگی حالات میں بھی نہیں کئے جا سکتے کیونکہ یہ عام معاہدہ نہیں بلکہ بین الاقوامی طرز کا معاہدہ ہے جس سے بھارت قطعی طور پر منحرف نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ پاک ،بھارت کشیدگی کے حل کیلئے ہماری سفارتی کوششیں جاری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ چین،برطانیہ،سعودی عرب،مصر و دیگر ممالک کے سفیروں سے بات چیت ہوئی ہے اور انہوں نے دونوں ممالک کو جنگ کی بجائے مذاکرات اور امن کا راستہ اختیار کرتے ہوئے تمام معاملات طے کرنے کی تجویز دی ہے۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش اور افغانستان کو پڑوسی ہونے کے ناطے بھارتی جارحیت کے معاملے سے مکمل آگاہی فراہم کی جا رہی ہے،ہر ہمسائے کے ساتھ مل کر خوشگوار تعلقات قائم کرنے کے خواہاں ہیں لیکن ہمیں پاکستانی عوام کے اعتماد پر بھی پورا اترنا ہے اور انہیں قطعی طور پر مایوس نہیں کریں گے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف بھی اولڈ راوینز ہیں ۔محمد نواز شریف نے عالمی دبائو کے باوجود بھارت کی جانب سے ایٹمی دھماکوں کا جواب دشمن ملک کی نسبت زیادہ ایٹمی دھماکے کر کے دیا جو ایک قائدانہ صلاحیتوں کے مالک اولڈ راوین کا فیصلہ تھا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے لوڈ شیڈنگ سمیت تمام شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی اور اب ملک معاشی و اقتصادی لحاظ سے مضبوط ہو رہا ہے ،اللہ تعالی نے ہمیں تمام قدرتی وسائل سے نوازا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کلمہ طیبہ کے نام پر معرض وجود میں آیا اور اس کے ساتھ غداری کرنے والوں کا انجام بہت برا ہوا اور ماضی اس کا گواہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے جبکہ افراط زر سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے اور پاکستان کی برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستانی عوام میں قابلیت اور اہلیت کی کوئی کمی نہیں اگر ہم اسی طرح محنت کرتے رہے تو ''جی 20'' میں شامل ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 2020-22میں پاکستان دیوالیہ ہونے کے قریب تھا مگر مسلم لیگ(ن)کی حکومت نے نا صرف ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا بلکہ ایسے ترقیاتی منصوبے شروع کئے جس سے ملکی معیشت مستحکم ہوئی اور روز گار کے مواقع پیدا ہوئے اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد پاکستان پر بحال ہوا ۔انہوں نے جی سی یو میں زمانہ طالبعلمی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ جی سی کالج ہی نہیں بلکہ ایک انسائیکلو پیڈیا ہے ۔

انہوں نے معروف ادیب ومصنف اشفاق احمد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جی سی یونیورسٹی کے بارے میں کہا کرتے تھے کہ یہ درس گاہ ہی نہیں بلکہ درگاہ ہے جہاں سے فارغ التحصیل طالبعلم ملک کے تمام اداروں و محکموں میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں ۔انہوں نے ایسی پرو قار تقریب منعقد کرنے پر آرگنائزر شہباز شیخ کی خدمات کو سراہا۔اس موقع پر وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے اپنے خطاب میں کہا کہ خطے میں کشیدگی کی وجہ سے عوام میں اضطراب پایا جاتا ہے جسے موجودہ قیادت سیاسی و سفارتی سطح پر حل کر رہی ہے۔

انہوں نے اپنے زمانہ طالبعلمی کی یادیں تازہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار بھی اولڈ راوینز ہیں ۔ انہوں نے آرگنائزر شہباز شیخ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب دعا گو ہیں کہ وہ اس طرح کی خوبصورت محفلیں سجاتے رہیں۔نامور صحافی سہیل وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی سیاست اور بیوروکریسی میں بڑے نام گورنمنٹ کالج سے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ شروع سے ہی پاکستان اس مسئلے میں رہا کہ بڑی ریاست کے ساتھ خود کو کیسے منوانا ہے ،ایسے حالات میں مشکلات آتی ہیں اور آتی رہیں گی ۔ انہوں نے کہاکہ گورنمنٹ کالج نے پاکستان کو قابل اور مرکزی قیادت دی ہے ، اسی کالج نے ملک کو اچھی لیڈرشپ دی ، فیصلہ کرنا ہو گا کہ پاکستان کو کس طرف لے کر جانا ہے۔ وائس چانسلر جی سی یو عمر چوہدری نے کہا کہ اولڈ راوینز کو چاہئے کہ وہ اس وقت ہماری آج کی جو جنریشن جو جی سی یو میں زیر تعلیم ہے ان کی رہنمائی اور اپنے تجربات وقتا فوقتا شیئر کرنے کیلئے یونیورسٹی آتے رہا کریں۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات