Live Updates

سینیٹ الیکشن میں حمایت کیلئے پیپلز پارٹی کا وفد ایم کیو ایم مرکز جا پہنچا،دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے ملاقات کو مثبت قرار دیدیا

انتخابی ملاقاتوں سے ہٹ کر عوامی فلاح کے کاموں پر بھی توجہ دینی چاہیے، اور دونوں جماعتوں کو معاہدوں کی رکاوٹوں پر بات کرنی چاہیے،فاروق ستار کراچی میں مکمل بہتری کے لئے بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے، اور کینالز کے مسئلے پر ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کو کھل کر حمایت دی ، دیگر مسائل کے حل کے لئے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا،سید ناصر شاہ

اتوار 27 اپریل 2025 17:35

سینیٹ الیکشن میں حمایت کیلئے پیپلز پارٹی کا وفد ایم کیو ایم مرکز جا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کا ایک اہم وفد، جس کی قیادت صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کی، ایم کیو ایم پاکستان کے بہادر آباد دفترکادورہ کیا۔وفد میں صوبائی وزیر سعید غنی، جنرل سیکریٹری وقار مہدی اور سہیل انور سیال بھی شامل تھے۔ پیپلز پارٹی کے وفد کا مقصد سینیٹ انتخابات میں ایم کیو ایم کی حمایت حاصل کرنا اور دونوں جماعتوں کے درمیان اہم سیاسی مشاورت کرنا تھا۔

ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کا استقبال ایم کیو ایم پاکستان کے اپوزیشن لیڈر علی خورشیدی نے کیا، جس کے بعد دونوں پارٹیوں کے رہنمائوں کے درمیان تفصیلی بات چیت کی گئی۔ ایم کیو ایم پاکستان کے رہنمائوں میں ڈاکٹر فاروق ستار، سیدامین الحق اور نسرین جلیل اس ملاقات میں شریک تھے۔

(جاری ہے)

فاروق ستار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی کا وفد سینیٹ الیکشن کے حوالے سے ہم سے بات کرنے آیا ہے اور اس ملاقات کا مقصد سینیٹ انتخابات میں وقار مہدی کی حمایت حاصل کرنا ہے۔

ہم دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی ہم آہنگی کے حوالے سے بات کر رہے ہیں۔فاروق ستار نے کہا کہ انتخابی ملاقاتوں سے ہٹ کر عوامی فلاح کے کاموں پر بھی توجہ دینی چاہیے، اور دونوں جماعتوں کو معاہدوں کی رکاوٹوں پر بات کرنی چاہیے۔فاروق ستار نے اس موقع پر مزید کہا کہ انتخابات میں مقابلہ کرنا ایک صحتمند سیاسی روایت ہے، لیکن دونوں جماعتوں کے درمیان رابطے برقرار رہنے چاہئیں تاکہ عوامی مسائل پر مشترکہ حل نکالا جا سکے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم سے وقار مہدی کی حمایت کی درخواست کی ہے، جو سینیٹ کے ضمنی الیکشن میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار ہیں۔فاروق ستار نے کہا کہ تاج حیدر کے انتقال کے بعد سینیٹ کی سیٹ پیپلز پارٹی کی امانت ہے، اور اس سیٹ پر ہونے والے انتخابات میں پیپلز پارٹی کی حمایت کا فیصلہ ایم کیو ایم کی مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر کہا کہ کراچی میں مکمل بہتری کے لئے بہت زیادہ فنڈز کی ضرورت ہے، اور کینالز کے مسئلے پر ایم کیو ایم نے پیپلز پارٹی کو کھل کر حمایت دی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دیگر مسائل کے حل کے لئے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رہے گا، اور نئی نہروں اور بلدیاتی اداروں کے مسائل پر بھی بات چیت کی جائے گی۔یہ ملاقات دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، اور سینیٹ کے انتخابات میں تعاون کا امکان بڑھ رہا ہے۔دونوں جماعتوں کے رہنمائوں نے اس ملاقات کو مثبت اور فائدہ مند قرار دیا اور کہا کہ آئندہ بھی اس طرح کی مشاورت جاری رکھی جائے گی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات