Live Updates

پاکستانی امپورٹرز تیسرے ملک سے بھارتی مصنوعات کی درآمد بند کریں، یو بی جی

بھارتی حکومت کی پاکستان کو دی گئی دھمکیاں گیڈربھپکی ہیں،زبیرطفیل،حنیف گوہر،گلزار فیروز، ملک خدا بخش

اتوار 27 اپریل 2025 17:35

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2025ء)یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)کی قیادت کے صدر یو بی جی زبیرطفیل، سیکریٹری جنرل سندھ حنیف گوہر،مرکزی ترجمان گلزارفیروزاور کورکمیٹی ممبر ملک خدا بخش نے بھارتی حکومت کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی دھمکیوں کو گیڈربھپکی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھر میں موجود پاکستانی اور مسلم ممالک کے عوام پاکستان سے محبت میں بھارتی مصنوعات کابائیکاٹ کریں اور پاکستانی امپورٹرز کسی بھی تیسرے ملک کے ذریعہ درآمد کی جانے والی مصنوعات کی درآمد بند کریں۔

صدر یو بی جی زبیرطفیل، سیکریٹری جنرل سندھ حنیف گوہر،مرکزی ترجمان گلزارفیروزاور کورکمیٹی ممبر ملک خدا بخش نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں کی جانے والی دہشت گردی پر پردہ ڈالنے کیلئے پاکستان پربے بنیاد الزام عائد کرکے اپنے جرائم کو چھپانے کی کوشش کی ہے لیکن پوری دنیا بھارتی ناپاک عزائم کو جان چکی ہے،پاکستان کی عوام بھارتی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں بلکہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی اور عوام پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں، بھارت نے کسی بھی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو اسے ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑے گا۔

(جاری ہے)

زبیرطفیل نے کہا کہ ملکی دفاع اور تحفظ کیلئے قوم پاک فوج کے پیچھے کھڑی ہے، بھارتی حکومت کسی غلط فہمی میں نہ رہے پاکستانی قوم کیلئے سب سے عزیز ملک پاکستان ہے، ہندوستان کی آبی جارحیت کوبرداشت نہیں کی جائیگا، بھارت یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدہ معطل نہیں کرسکتا اور پاکستان مودی کو منہ توڑ جواب دے گا۔ یو بی جی رہنماں نے مزید کہا کہ بھارتی عوام کو اب یہ جان لینا چاہیئے کہ مودی بھارت کو عالمی سطح پر تنہا کررہا ہے،اگر بھارت نے جنگ چھیڑی تو اسے بدترین تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا، پاکستان نے بھارت کے حالیہ رویہ کا بھر پور جواب دے کر پوری قوم کا دل جیت لیا ہے،پاکستان کا ایک ایک فرد پاک افواج کیساتھ سرحدوں اور ملک کی حفاظت کو یقینی بنائے گا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات