Live Updates

مسلم لیگ (ن)ملتان کے زیرِ اہتمام پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد

اتوار 27 اپریل 2025 19:50

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2025ء) مسلم لیگ (ن) ملتان کے زیرِ اہتمام پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی کا انعقاد کیا گیا۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو یہاں پاک فوج اظہار یکجہتی ریلی کچہری چوک سے شروع ہو کر گھنٹہ گھر چوک پر اختتام پذیر ہوئی جس میں مسلم لیگ(ن) ملتان کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور پاک فوج کے حق میں بھرپور نعرے لگائے۔

(جاری ہے)

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وفاقی وزیرعبدالغفار ڈوگر نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے،پاکستانی قوم اپنے پانی کے ایک ایک قطرے کی حفاظت کرنا جانتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے پیچھے 25 کروڑ عوام سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑ ی ہےاور پاکستانی قوم ہر وقت وطن عزیز کے دفاع کیلئے جہاد پر آمادہ ہے۔عبدالغفار ڈوگر نے واضح کیا کہ اگر کسی نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو اس کی آنکھ نکال دی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ طاس معاہدہ یکطرفہ طور پر منسوخ نہیں کیا جا سکتا اور اگر دشمن نے کوئی مہم جوئی کی تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اپنے عمل سے اپنی بات کو سچ ثابت کرتے ہیں اور قوم کو ان کی قیادت پر مکمل اعتماد ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات