Live Updates

بھارت کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، ہم پاکستان کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے،وزیر دفاع خواجہ محمد آصف

پیر 28 اپریل 2025 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خبردار کیا ہے کہ بھارت کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔اتوار کو نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت تمام سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر صورتحال پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہے ، اگر بھارت نے کوئی اشتعال انگیز قدم اٹھایا تو پاکستان سختی سے جواب دے گا۔

وزیر دفاع نے پیش گوئی کی کہ بھارت کے حالیہ ڈرامے کے پیچھے کی حقیقت آنے والے دنوں میں بے نقاب ہو جائے گی، بھارتی وزیر اعظم مودی خود اس جال میں پھنس گئے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ اگربھارت واقعات کے اپنے موقف پر یقین رکھتا ہے تو اسے بین الاقوامی برادری کو آزادانہ تحقیقات کرنے کی اجازت دینی چاہیے۔

(جاری ہے)

خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لیے بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے)اور تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) جیسی دہشت گرد تنظیموں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا دہشت گردانہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پوری قوم ، مسلح افواج اور تمام ادارے متحد اور مضبوطی سے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی سلامتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔خواجہ محمد آصف نے یہ بھی بتایا کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر قومی سلامتی کے چیلنجز پر بحث کے لیے جلد پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جا سکتا ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات