Live Updates

مجلس اتحاد امت کے زیر اہتمام اظہار یکجہتی فلسطین کانفرنس،مولانا فضل الرحمن، حافظ نعیم الرحمن ودیگر کا خطاب

پیر 28 اپریل 2025 01:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2025ء) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستانی قوم آپ کے ساتھ ہے، دنیا میں عورتوں، بچوں اور نہتے لوگوں کو قتل کرنے کی کوئی مثال موجود نہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس اتحاد امت کے زیر اہتمام مینار پاکستان پراظہار یکجہتی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مودی جی آگے بڑھیے پھر لاہور بھی 1965 کی تاریخ دہرائے گا، فلسطینی سو سال سے جہاد لڑ رہا ہے،فلسطین اورکشمیر کی آزادی کو ایک ہی جنگ سمجھتا ہوں۔امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ غزہ اور کشمیر دنیا کے سب سے بڑے مسائل ہیں، بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بھارتی فوج اسرائیلی فوج کے ساتھ مل کر قتل عام کر رہی ہے، بھارتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف ہم سب ایک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 23مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان کے ساتھ قرارداد فلسطین بھی منظور ہوئی تھی، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو ناجائز اولاد قرار دیا تھا ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ قوم اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ اور شاندار ہڑتال سے ثابت کرچکی کہ وہ اہل فلسطین کی پشت پرہے، ہم اتحاد و اتفاق کے ذریعے مسلمانوں کے دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنائیں گے۔کانفرنس سے مفتی منیب الرحمن، قاری حنیف جالندھری، مولانا غفور حیدری، لیاقت بلوچ، مولانا یوسف لدھیانوی اور دیگر نے خطاب کیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات