Live Updates

کراچی میں حکومت سندھ اور ٹرانسپورٹرز میںمذاکرات کی کامیابی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے احتجاج ختم کر دیا

سندھ کے سینئروزیرشرجیل میمن سے یونائیٹڈگڈزٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن اورپاکستان گڈز ٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن کے وفدکی ملاقات احتجاج کی وجہ سے ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے، شپنگ کمپنیز اور امپورٹرز ایکسپورٹرز سے گزارش ہے کہ وہ ٹرانسپورٹرز پر دبائو نہ ڈالیں،شرجیل میمن

منگل 29 اپریل 2025 03:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)کراچی میں حکومت سندھ اور ٹرانسپورٹرز میںمذاکرات کی کامیابی کے بعد گڈزٹرانسپورٹرز نے احتجاج ختم کر دیا ہے۔ یونائیٹڈ گڈزٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن اور پاکستان گڈزٹرانسپورٹ ایسو سی ایشن کی نثار حسین جعفری اور غلام یاسین نیازی کی سربراہی میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی۔

ملاقات میں وزیر اعلی کے معاون خصوصی قاسم نوید قمر، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ بھی شریک تھے۔ ٹرانسپورٹرز کے وفد میں شبر ملک، فضل الاہی، حاجی الیاس ، آل ٹرک ڈمپرز اونرز ایسو سی ایشن کے صدر حاجی یوسف، جنرل سیکریٹری جان عالم،میاں جان بھی شامل تھے۔ ٹرانسپورٹرز نے وکلا کے احتجاج کی وجہ سے ٹرانسپورٹرزکو درپیش مشکلات اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ٹرانسپورٹرز کو حکومت سندھ کی جانب سے خدشات کے خاتمے اور مسائل کی حل کی یقین دہانی کروائی۔ وفد سے بات کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ احتجاج کی وجہ سے گاڑیاں پھنس جانے پر ٹرانسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا ہے، شپنگ کمپنیز اور امپورٹرز ایکسپورٹرز سے گزارش کریں گے کہ وہ ٹرانسپورٹرز پر دبا نہ ڈالیں، احتجاج کی وجہ سے پورے پاکستان کا کاروباری نظام بری طرح متاثر ہوا ہے، حکومت سندھ کو ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ساتھ تمام کاروباری حضرات کے پریشانیوں کا احساس ہے۔

بعد ازاں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن ٹرانسپورٹرز کے وفد کے ہمراہ ٹرانسپورٹرز کے دھرنے والی جگہ پر مائی کولاچی روڈ پہنچے۔ ٹرانسپورٹرز سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ کو ٹرانسپورٹرز کا مکمل احساس ہے، ٹرانسپورٹ برادری پچھلے کچھ عرصہ سے مسائل کا شکار ہے، ٹرانسپورٹرز کو کچھ چیلنجز درپیش ہیں آج بھی میٹنگ ہوئی کچھ اہم فیصلے کئے، جو گاڑیاں مختلف اوقات میں جلی ہیں اس سے متعلق کمیٹی بنادی ہے، کمشنر کراچی اور سیکرٹری ٹرانسپورٹ تحقیقات کریں گے نقصان کا ازالہ کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ دھرنے کی وجہ سے ہزاروں گاڑیاں پھنسی ہیں ، کھانے پینے کا سامان، مویشی اور دیگر سامان پھنسا ہوا ہے، کل وزیر اعلی سندھ نے وزیر اعظم سے بات کی اور سی سی آئی کا اجلاس جلد بلانے کی سفارش کی ، امید ہے خوشخبری آئے گی اور تمام سڑکیں کھل جائیں گی، چاہتے ہیں کہ جلد تمام ٹرانسپورٹ اپنی منازل پر پہنچے،چیف سیکریٹری سندھ شپنگ کمپنیوں کو لکھیں گے تاکہ ٹرانسپورٹرز پر اضافی کرایہ یا جرمانہ نہ ہو۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان کو بہت چیلنجز درپیش ہیں ، روڈ بلاک کرنے سے اس وقت لوگوں کو بہت سی مشکلات پیش آرہی ہیں، ہر پاکستانی اپنی ذمہ داری کو بخوبی سمجھے، ہمیں اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہے، میری احتجاج کرنے والوں سے گزارش ہے کہ جلد اپنے اس احتجاج کو ختم کریں تاکہ لوگوں کی پریشانی ختم ہو، حکومت پہلے بھی آپ کے ساتھ کھڑی تھی اب موجود ہے آگے بھی رہے گی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی یقین دہانی پر گڈز ٹرانسپورٹرز نے اپنا احتجاج ختم کر دیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات