Live Updates

تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے رہنمائوں سے ملاقات

منگل 29 اپریل 2025 17:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2025ء) تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے ایک وفد کے ہمراہ اسلام آبادمیں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر کے دفتر کا دورہ کیااور حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر حریت رہنمائوں سے تفصیلی ملاقات کی۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملاقات کے دوران غلام محمد صفی نے وفد کو پہلگام واقعے کے بعدبھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے نہتے کشمیریوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم سے آگاہ کیا۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی حکومت اسرائیلی طرز پر کشمیریوں پر جبر و تشدد کے پہاڑ توڑ رہی ہے۔ کشمیری اپنے گھروں میں سہمے ہوئے ہیں۔ حریت رہنما بتایا کہ پہلگام واقعہ کی آڑ میں بھارتی حکومت اور اس کے دس لاکھ سے زائد فوجیوں نے پورے کشمیر میں قیامت صغریٰ برپا کر رکھی ہے۔

(جاری ہے)

معصوم شہریوں کے گھروں کو بارود لگا کر مسمار کیا جا رہا ہے، ہزاروں کشمیریوں کو بلا جواز گرفتار کر کے پابند سلاسل اور پوری وادی کشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

کشمیری عوام کو ان کے تمام بنیادی، مذہبی، سیاسی اور سماجی حقوق سے مکمل طور پر محروم کر دیا گیا ہے۔ حریت رہنمائوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام اور انسانیت دوست اقوام سے اپیل کی کہ وہ کشمیری عوام کو بھارتی فورسز کے قہر وجبر سے بچانے کے لئے ٹھوس اقدامات کریں۔ تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال پرسخت تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ بھارتی قابض افواج کے وحشیانہ مظالم سے نہتے کشمیریوں کو نجات دلانے کیلئے فوری اقدامات کریں۔انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم کشمیری اپنے مظلوم بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیاکہ وہ ہر بین الاقوامی فورم پر بھارتی ریاستی دہشت گردی کو بے نقاب کریں گے اور دنیا کو بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے آگاہ کریں گے۔

غلام محمد صفی نے اس موقع پر عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے اپنا موثر کردار ادا کرے۔وفد میں اختر رانا ،صدر تحریک کشمیر اٹلی چوہدری بابر وڑائچ ،حسن سردار وڑائچ ،خلفان بنگش اوردیگرشامل تھے۔ادھر ڈائریکٹر جنرل پاکستان ہائوس رانا اطہر جاوید نے بھی کل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر میں کنوینر غلام محمد صفی اور دیگر حریت رہنمائوں سے ملاقات کی۔

انہوں نے پہلگام واقعے کے بعد بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیریوں پرڈھائے جانیوالے مظالم کی مذمت کی ۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو بھارت کے رحم کرم پر نہیں چھوڑیں گے۔ملاقات میں جنرل سیکرٹری ایڈوکیٹ پرویز احمد ، حریت رہنما الطاف حسین وانی ،شمیم شال ،مشتاق احمد بٹ ،نثار مرزا،ذاہد صفی،دائود خان،شیخ عبدالماجد،سید گلشن،زاہد مجتبیٰ اور دیگر موجود تھے ۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات