Live Updates

وانا، بھارتی جارحیت کیخلاف احمدزئی وزیر قبائل کا گرینڈ جرگہ، پاکستانی فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان

بھارت بت پرست ،بزدل قوم ،اندرونی اختلافات اپنی جگہ، بھارت کیخلاف پوری قوم متحد ہے،آئی جی ایف سی

منگل 29 اپریل 2025 20:00

وانا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اپریل2025ء)بھارتی جارحیت کے خلاف ضلع لوئر جنوبی وزیرستان کے ہیڈکوارٹر وانا میں احمدزئی وزیر قبائل سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کا آئی جی ایف سی مہر عمر خان نیازی کیساتھ ایک عظیم الشان گرینڈ جرگہ منعقد ہوا۔جرگے میں ڈپٹی کمشنر لوئر جنوبی وزیرستان ناصر خان، پولیس فورس کے اعلی افسران، کمانڈنٹ سکاٹس محمد طاہر خان اور دیگر اعلی حکام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

شرکاء میں یوتھ آف وزیرستان، صحافی برادری، علمائے کرام، دوتانی، سلیمان خیل اور احمدزئی وزیر قبائل کے نمائندے شامل تھے جنہوں نے یک زبان ہو کر بھارت کے خلاف پاکستانی فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا اعلان کیا۔ عمائدین اور دیگر شرکا نے خبردار کیا کہ اگر بھارت نے اپنی مذموم سازشوں سے باز نہ آیا تو پشتون قبائل فرنٹ لائن پر کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، اور جو کوئی میلی نگاہ ڈالے گا، اس کی آنکھ نکال دی جائے گی۔چیف ملک علائوالدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ اگرچہ احمدزئی وزیر، سلیمان خیل اور دوتانی قبائل کو بعض تحفظات ہوسکتے ہیں، تاہم بھارت کے خلاف تمام قبائل پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قبائل کی منزل دہلی کا لال قلعہ ہوگا اور حکومت سے بھارت کے خلاف راستہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

مولانا سلطان، ٹیچر عالمگیر خان اور ملک موسی جان سمیت دیگر شرکا نے بھی بھارت کے خلاف جنگ کے لئے راستہ فراہم کرنے کا مطالبہ دہرایا۔اختتام پر آئی جی ایف سی مہر عمر خان نیازی نے جرگے کے شرکا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ایک بت پرست اور بزدل قوم ہے جس کا خدا پر یقین نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اندرونی اختلافات اپنی جگہ، مگر بھارت کے خلاف پوری قوم متحد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا جانتی ہے کہ بھارت ایک دہشت گرد ملک ہے جبکہ پاکستان ایک ایٹمی قوت ہے۔ ہم جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر ہم پر جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے۔جرگے کے اختتام پر شرکا نے "پاکستان زندہ باد"، "پاک فوج پائندہ باد" اور "اللہ اکبر" کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔ دعا مولانا نیک محمد نے کروائی۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات