Live Updates

پہلگام واقعے کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کیلئے استعمال کیا گیا ہے

پہلگام واقعہ ایل اوسی سے 230کلومیٹر اور پولیس اسٹیشن سے 30منٹ دورمسافت پر ہوا، 10منٹ میں ایف آئی آرکیسے درج ہوئی؟ واقعے کے فوری بعد درج ایف آئی آرنے سوالات پیدا کردیئے ہیں؟ ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 30 اپریل 2025 20:41

پہلگام واقعے کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کیلئے استعمال کیا گیا ہے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 30 اپریل 2025ء ) ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پہلگام واقعے کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کیلئے استعمال کیا گیا ہے، پہلگام واقعہ ایل اوسی سے 230 کلومیٹر اور پولیس اسٹیشن سے 30منٹ دورمسافت پر ہوا، 10منٹ میں ایف آئی آرکیسے درج ہوئی؟ واقعے کے فوری بعد درج ایف آئی آرنے سوالات پیدا کردیئے ہیں؟ ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے وزیرخارجہ اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ مشترکہ نیوزکانفرنس کی۔

ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پلوامہ واقعے کو سیاسی مقاصد کیلئے جبکہ پہلگام واقعے کو سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کیلئے استعمال کیا گیا ہے، پہلگام واقعے کا مقصد پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف جنگ سے توجہ ہٹانا بھی ہے، پہلگام واقعہ ایل اوسی سے 230 کلومیٹر دور ہوا۔

(جاری ہے)

ہم پہلگام واقعہ کے الزام پر نہیں بلکہ حقائق پر جائیں گے، جائے وقوعہ سے پولیس اسٹیشن پہنچنے کیلئے کم سے کم 30منٹ کا سفر ہے، 10منٹ میں کیسے ممکن ہے کہ کوئی ایف آئی آر درج کرا دے، 10منٹ میں درج ایف آئی آر میں ہینڈلرز جیسے الفاظ استعمال کئے گئے، واقعے کے فوری بعد درج ایف آئی آرنے سوالات پیدا کردیئے ہیں۔

بھارت کے عوام خود کہہ رہے ہیں کہ پہگام واقعہ سکیورٹی نااہلی ہے،الزام تراشی کی بجائے بھارتی حکومت کو سوالوں کے جوابات دینا ہوں گے، پہلگام واقعے کو فوری طور پر مسلمانوں سے جوڑ دیا گیا۔بھارتی میڈیا نے فوری طور پر واقعے کا الزام پاکستان پر لگا دیا۔دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ بھارت خود ایک دہشتگرد ریاست ہے وہ پاکستان پر کس طرح دہشتگردی کا الزام لگا سکتے ہیں؟دنیا کہہ رہی ہے کہ بھارت دہشتگردی کے واقعات میں ملوث ہے، الزام لگایا گیا کہ لوگوں شناخت کرکے مارا گیا، لیکن اتنے کم وقت میں لوگوں کی شناخت کس طرح ممکن ہے؟ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ہم مضبوط وجوہات اور شواہد کی بنیاد پر پہلگام واقعہ کی تحقیقات کا کہتے ہیں۔

بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کی بڑی تشکیل کو بارڈر کراس کرتے ہوئے ہلاک کیا گیا،بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 71دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلگام جیسے واقعات کے ہمیشہ سیاسی مقاصد ہوتے ہیں، پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے بے گناہ افراد کو جعلی مقابلوں میں شہید کیا، بھارتی جیلوں میں قید بے گناہ پاکستانیوں کو دہشتگرد قرار دے کر قتل کیا جارہا ہے۔ 
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات