مودی سرکار کسی غلط فہمی میں نہ رہے،پاک آرمی سرحدوں کی حفاظت کیلئے الرٹ کھڑی ہے،رانا مشہود

وزیراعظم کی ہدایت پر پہلے کے پی کے سے یوتھ پروگرام کی آگاہی سے متعلق دوروں کا آغاز کیا ہے،خطاب

بدھ 30 اپریل 2025 22:35

ایبٹ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2025ء)چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ مودی سرکار غلط فہمی کا شکار ہے کہ وہ پاکستان کی سالمیت کو کسی قسم کا نقصان پہنچائے گی ،پاک آرمی سرحدوں کی حفاظت کیلئے الرٹ کھڑی ہے،موجودہ حالات میں پاکستانی قوم کو اتحاد کی اشد ضرورت ہے ،حکومت پاکستان اور عوام اپنے فوجی سپہ سالار،افسران اور جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔

بدھ کو یہاں مسلم لیگ (ن)کے ورکرزاور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہودنے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے،نوجوانوں کو باعزت روزگار دینے کیلئے وزیر اعظم یوتھ پروگرام کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو کاروبار کیلئے آسان شرائط پرقرضے دیئے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سب سے پہلے کے پی کے سے یوتھ پروگرام کی آگاہی سے متعلق دوروں کا آغاز کیا ہے،میں پشاور،کوہاٹ،صوابی اور سوات کے بعد ایبٹ آباد آیا ہوں اور انشااللہ سکیم کا آغاز بھی ایبٹ آباد ہزارہ سے کریں گے ۔

انہوں نے کہاکہ مودی سرکار غلط فہمی کا شکار ہے کہ وہ پاکستان کی سالمیت کو کسی قسم کا نقصان پہنچائے گی ،پاک آرمی سرحدوں کی حفاظت کیلئے الرٹ کھڑی ہے،موجودہ حالات میں پاکستانی قوم کو اتحاد کی اشد ضرورت ہے ،حکومت پاکستان اور عوام اپنے فوجی سپہ سالار،افسران اور جوانوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔