Live Updates

پاکستان پیپلز پارٹی مزدوروں کی حقیقی آواز بنی : کسانوں اور محنت کش طبقات کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھیں گے ،مخدوم سید احمد محمود

بدھ 30 اپریل 2025 23:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر اور سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے یومِ مزدور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں شکاگو کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن صرف تقاریب کا نہیں بلکہ مزدوروں کے حقوق کے تحفظ، استحکام اور باوقار زندگی کی جدوجہد کے اعادے کا دن ہے۔

انہوں نے کہا کہ یکم مئی 1886 کو شکاگو میں دی جانے والی قربانیاں آج بھی محنت کشوں کی جدوجہد کو راہ دکھاتی ہیں، مزدووں کی حقیقی آواز پاکستان پیپلز پارٹی بنی، جس نے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو کی قیادت میں پہلی بار مزدور کو ریاستی سطح پر عزت، شناخت اور قانونی حقوق فراہم کیے،مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کم از کم اجرت کا تعین، سوشل سیکورٹی، ای او آئی بی اور اداروں میں مزدوروں کی شراکت جیسے انقلابی اقدامات کیے، محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے سماجی تحفظ کے نظام کو وسعت دی اور صدر آصف علی زرداری نے اپنے دورِ حکومت میں سرکاری و نیم سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں تاریخی اضافہ کیا۔

(جاری ہے)

مخدوم سید احمد محمود کا مزید کہنا تھا کہ یومِ مزدور پر پیپلز پارٹی نہ صرف اظہارِ یکجہتی کرتی ہے بلکہ اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ مزدوروں، کسانوں اور محنت کش طبقات کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھی جائے گی جب تک انہیں ان کا جائز مقام اور انصاف نہ مل جائے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات