Live Updates

غزہ میں جنگ نہیں نسل کشی ہو رہی ہے مسلم امہ سمیت عالمی دنیا فی الفور قابل عمل اقدمات کرے،پاکستان عوامی تحریک

پاکستان اور بھارت دو نیو کلیئر طاقتیں ہیں ہندوستان سنجیدگی دکھانے کے بجائے ہمیشہ انتہا پسندی کا مظاہرہ کرتا ہے،جنگیں مسائل کا حل نہیں بلکہ تباہی کا راستہ ہے،پاکستان عوامی تحریک کے تحت نمائش چورنگی پر احتجاجی مظاہرے سے قاضی زاہد حسین،سید ظفر اقبال شاہ اور دیگرکا خطاب

اتوار 4 مئی 2025 17:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2025ء)پاکستان عوامی تحریک کراچی کے تحت 3مئی پاکستان بھر میں یوم فلسطین اور پاکستان منایا گیا ۔اس سلسلے میں کراچی نمائش چورنگی پر ایک عظیم الشان احتجاج کیا گیا جس میں بہت بڑی تعداد میں پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان اور اہلیان کراچی سمیت بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر قاضی زاہد حسین،صوبائی صدر سید ظفر اقبال شاہ،سینئر نائب صدر رائو کامران محمود اور صوبائی جنرل سیکرٹری الیاس مغل،پی اے ٹی ویمن ونگ کی صدر رعنا نصرت ڈار ،مسلم لیگ ق کے رہنماء صادق شیخ،مجلس وحدت المسلمین کے صدر علامہ صادق جعفری،پاکستان فلاح پارٹی کے صدر ڈاکٹر ولی مصطفائی،جمعیت علماء اسلام سمیع الحق کے رہنماء علامہ حماد اللہ مدنی،نظام المدارس پاکستان کے نائب ناظم اعلیٰ مفتی مکرم خان قادری،علامہ مفتی راشد اقبال ایڈوکیٹ،فلسطین فاونڈیشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر صابر ابو مریم،منہاج نالقرآن علماء کونسل کے صدر علامہ غلام غوث چشتی،نوید عالم نے خطاب کرتے ہوئے کہا فلسطین میں جنگ نہیں اہل غزہ کی نسل کشی ہو رہی ہے جو ایک سنگین جرم ہے ۔

(جاری ہے)

اسرائیل کی طرف سے غزہ کے مسلمانوں کے انسانی حقوق غصب کر لئے گئے ہیں ۔ہسپتال،اسکول،تعلیمی ادارے اور انفراسٹرکچر کو تباہ کر دیا گیا ہے ۔غزہ شہر کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا گیا ہے اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے اداروں کو بیان بازی سے آگے بڑھنا چاہیے اور ظلم بند کرانے میں عملی کردار ادا کرنا چاہیے ۔انھوں نے کہا اسرائیل نہ تو بین الاقوامی چارٹرز کا لحاظ کر رہا ہے اور نہ ہی انسانی اقدار کا احترام کر رہا ہے ۔

انھوں نے کہا غزہ کی صورتحال انسانی تاریخ کا دل خراش المیہ ہے ۔مسلم ممالک کی بے گناہ فلسطینی مسلمانوں کی نسل کشی رکوانے میں ناکامی سب سے بڑا المیہ ہے ۔انھوں نے کہا فلسطین فلسطینیوں کا ہے انہیں بندوق کے زور پر اپنے گھروں سے بے دخل نہیں کیا جاسکتا عالمی طاقتیں فلسطینیوں کے ساتھ انصاف کریں ۔ان قائدین نے کہا پاکستان اور بھارت دو نیو کلیئر طاقتیں ہیں ہندوستان سنجیدگی دکھانے کے بجائے انتہا پسندی کا مظاہرہ کرتا آرہا ہے بھارتی جنگی جنون جنوبی ایشیاء کیلئے خطرہ ہے ۔

انھوں نے کہا ایک طرف بھارت کا کشمیر پر ناجائز قبضہ کے ساتھ ساتھ اس کے ہاتھ پانچ لاکھ سے زائد کشمیریوں کے خون سے رنگے ہو ئے ہیں دوسری طرف پہلگام ڈرامے میں اب اپنی سیکورٹی کی ناکامی کو چھپانے کیلئے پاکستان پر الزام تراشی شروع کر دی یہ اسکا وطیرہ بن چکا ہے۔ان قائدین نے کہا پاکستانی قوم سمیت ادارے وطن عزیزکے دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔

انہوں نے کہا پاکستان خود دہشت گردی کا شکار ہے ثبوتوں کے باوجود پاکستان نے کبھی جنگی جنون اور غیر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا جنگیں مسائل حل نہیں بلکہ تباہی کا راستہ ہیں ۔انہوں نے کہا پاکستان ایک ایٹمی قوت کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والی ایک عظیم فوج رکھنے والا ملک ہے اس وقت جنوبی ایشیاء سمیت عالمی امن کے مفاد کا تقاضا ہے بھارت ہوش مندی کا مظاہرہ کرے۔

انہوں نے کہا بھارت نے ہمیشہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے دہشت گردی کا سہارا لیا ہے جس کے ناقابل تردید ثبوت پاکستان کے پاس موجود ہیں اس کے کئی جاسوس پاکستان کی جیلوں میں موجود ہیں ۔انہوں نے کہا بھارت کا جنگی جنون پوری دنیا کو آگ کی لپیٹ میں لے گا دونوں ملکوں کا مفاد اسی میں ہے وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور غربت ،جہالت کے خلاف جنگ کریں اور اپنی قوم کو ترقی دینے کے منصوبہ جات پر کام کریں۔

پاکستان عوامی تحریک کے احتجاج حنیف قریشی،اسمعیل خلیل عارفی،مطیع الرحمن آسی،نوید عالم،ساجدہ جبین،جمیل اختر،جواد انصاری،عتیق احمد چشتی،مسعود احمد عثمانی،عماد شیخ ،ڈاکٹر شہزاد قریشی،صاحبزادہ ثاقب نوشاہی،سمیت سیاسی،سماجی،مذہبی جماعتوں کے قائدین ،انسانی حقوق کے نمائندگان،وکلاء نے شرکت و خطاب کیا ۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات