Live Updates

پاکستان میں دہشت گردی کیلئے بھارتی سہولت کاری کے مستند شواہد سامنے آگئے

ملک میں ہونے والی حالیہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیچھے بھارت کی منظم مداخلت اور ریاستی دہشت گردی منظر عام پر آ گئی، جہلم سے گرفتار ہونے والے دہشتگرد مجید کے موبائل فون اور ڈرونز کے فرانزک تجزئیے کے بعد سنسنی خیز اور ناقابل تردید ثبوت مل گئے

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 5 مئی 2025 15:37

پاکستان میں دہشت گردی کیلئے بھارتی سہولت کاری کے مستند شواہد سامنے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔05 مئی 2025)پاکستان میں دہشت گردی کیلئے بھارتی سہولت کاری کے شواہد سامنے آگئے،پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیچھے بھارت کی منظم مداخلت اور ریاستی دہشت گردی کے شواہد منظر عام پر آ گئے،ذرائع کاکہنا ہے کہ جہلم سے گرفتار ہونے والے دہشتگرد مجید کے موبائل فون اور ڈرونز کے فرانزک تجزئیے کے بعد سنسنی خیز اور ناقابل تردید ثبوت حاصل ہوئے ہیں جو بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

دہشتگرد مجید بھارتی فوج کے آفیسرز اور ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھا۔ دہشت گرد آئی ای ڈیز نصب کرنے کے بدلے بھارتی فوج سے پیسہ وصول کر رہا تھا۔فرانزک رپورٹس اور واٹس ایپ چیٹس میں جن چار بھارتی فوجی افسران کی شناخت ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

ان میں میجر سندیپ ورما، صوبیدار سکھوندر، حوالدار امیت اور ایک سپاہی شامل ہیں۔گفتگو میں بھارتی ہینڈلر دہشتگرد مجید سے کہہ رہا ہے کہ پاکستان میں شہریوں کی لاشیں چاہئیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی ہینڈلرز مجید کو بم سازی کی ویڈیوز ارسال کرتے اور اہداف کی نشاندہی کرتے تھے۔ ایک گفتگو میں بھارتی میجر سندیپ کہتا ہے لاہور سے بلوچستان تک ہمارا نیٹ ورک موجود ہے ہم کبھی نہیں چاہیں گے کہ ہمارا بندہ پکڑا جائے۔بھارتی ہینڈلرز دہشتگرد مجید کو بم بنانے کے طریقے پر مشتمل ویڈیوز بھیجتے ہیں۔دہشت گرد مجید سے بات کرتے ہوئے بھارتی میجر سندیپ نے کہا کہ لاہور سے لیکر بلوچستان تک اس کا نیٹ ورک موجود ہے۔

ہم نہ ہی بچے ہیں اور نہ ہی پاکستان میں یہ ہماری پہلی دہشتگردی کی کارروائی ہے۔کالز میں بھارتی ہینڈلر دہشتگرد مجید سے کہہ رہا ہے کہ رش والے مقامات پر دھماکوں کے احکامات دئیے جاتے رہے تاکہ زیادہ سے زیادہ جانی نقصان ہو۔بھارتی میجر سندیپ نے کہا کہ ہم کبھی بھی نہیں چاہیں گے کہ ہمارا بندہ پکڑا جائے۔ میں آپ کو یکمشت ایک لاکھ بھی بھیج سکتا ہوں مگر آپ پاکستانی ایجنسیوں کی نظر میں آسکتے ہیں۔

آپ کو بھی باقاعدگی سے پیسے ملتے رہیں گے۔ٹریس ہونے والی کال میں بھارتی آرمی کا صوبیدار سکھویندر دہشتگرد مجید کو بتاتا ہے کہ اگر دھماکے کی خبر میڈیا میں آگئی اور جتنے بندے مار دئیے۔ فی کس 10لاکھ روپے ملیں گے۔آڈیو کالز میں آئی ای ڈیز کی وصولی ان کو نصب کرنے کے مقامات کی بھی نشاندہی کی جاتی رہی۔ یہ آئی ای ڈیز بذریعہ ڈرون دہشتگرد مجید کو فراہم کی جاتی تھیں۔

13 اکتوبر کو دہشتگرد مجید نے ضلع باغ میں فوجی گاڑی پر حملہ کیاجس میں تین جوان زخمی ہوئے اور30 نومبر کو جلالپور جٹاں میں ایک اور بم حملے میں چار اہلکار زخمی ہوئے۔ہر کارروائی کے عوض مجید کو لاکھوں روپے دئیے گئے جب کہ آئی ای ڈیز کو کوڈ ورڈمٹھائی کے ڈبے کے طور پر ذکر کیا جاتا رہا۔سکھوندر نے 24ستمبر کو دہشتگرد مجید کو برنالہ بھمبر میں بارودی مواد کی نشاندہی کی جو اس نے وصول کیا۔

دہشتگرد مجید نے ضلع باغ میں 13 اکتوبر کو فوجی گاڑی پر بم حملہ کیا جس میں فوج کے تین جوان زخمی ہوئے۔ 13 اکتوبر کے بم حملے کیلئے دہشت گرد مجید کو بھارتی ہینڈلر نے 1 لاکھ 80 ہزار روپے دئیے۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ شواہد واضح طور پر ثابت کرتے ہیں کہ بھارت نہ صرف پاکستان میں دہشتگردوں کو فنڈنگ کرتا ہے بلکہ ان کی تربیت اور آپریشنل رہنمائی میں بھی براہ راست ملوث ہے۔ ماہرین نے مطالبہ کیا ہے کہ ان ثبوتوں کی بنیاد پر عالمی برادری بھارت کو فیٹف کی فہرست میں شامل کرے اور اسے بین الاقوامی سطح پر جوابدہ بنایا جائے۔

Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات