Live Updates

قوم نے ڈر کر جینا نہیں سیکھا، پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات لگانا بھارت کا پرانا وطیرہ ہے، بلاول بھٹو

سندھ طاس معاہدے کی معطلی انسانیت کیخلاف جرم ہے،پہلگام واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں وزیراعظم نے واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، پاکستان دہشت گرد نہیں بلکہ خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی کا قومی اسمبلی میں خطاب

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 6 مئی 2025 13:42

قوم نے ڈر کر جینا نہیں سیکھا، پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات لگانا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 مئی 2025)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ قوم نے ڈر کاجینا نہیں سیکھا، پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات لگانا بھارت کا پرانا وطیرہ ہے،سندھ طاس معاہدے کی معطلی انسانیت کیخلاف جرم ہے، بھارتی حکومت غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہی ہے، قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے بھارت کو واضح اور دوٹوک پیغام دیا کہ پاکستان دہشت گرد نہیں بلکہ خود دہشت گردی کا شکار رہا ہے۔

پہلگام واقعے سے پاکستان کا کوئی تعلق نہیں اور وزیراعظم نے اس واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستان قومی نے ڈر کر جینا نہیں سیکھا۔پاکستان دہشت گردی برآمد نہیں کررہا ۔ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

دہشت گردی کو طاقت سے نہیں بلکہ انصاف سے ختم کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان کے تحمل کو کمزوری نہ سمجھا جائے جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

بھارت کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ مذاکرات چاہتا ہے یا تباہی۔قومی اسمبلی میں پہلگام فالس فلیگ آپریشن کے بعد بھارتی جارحیت کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد مقتولین کا خون جمنے سے قبل ہی بھارت نے پاکستان پر الزام تراشی شروع کردی، سرحدیں بند کردیں اور نتائج سے دھمکانا شروع کردیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا حصہ نہیں بلکہ ایک متنازعہ علاقہ ہے اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت ملنا چاہیے۔

میں پاکستان عوام اور دنیا کو بتانا چاہتا ہوں کہ پاکستان کا اس جرم میں کوئی ہاتھ نہیں ہے، ہم دہشت گردی برآمد نہیں کررہے بلکہ ہم خود دہشت گردی کا شکار ہیں۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کامزید کہنا تھا کہ بھارت کی آبی جارحیت پر بھی شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی انسانیت کے خلاف بڑا جرم ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان دریائے سندھ کا دفاع کرے گا اور پاک فوج دشمن کا ہر دم مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہے۔ بھارت دہشتگردی کے خلاف لڑنے کا دعویدار ہے مگر ہم پوچھتے ہیں کہ آپ دہشت گردی سے کیسے لڑ رہے ہیں جب آپ خود کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کے مرتکب ہو جب آپ مقبوضہ وادی میں خود روزانہ قانون توڑ رہے ہوں تو پھر قانون کی بات کرنا آپ کو زیب نہیں دیتا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گردی صرف جسموں پر حملے کا نام نہیں ہے، یہ سچ، امن اور تہذیب پر حملہ ہے۔ دہشت گردی کسی مارکیٹ میں بم دھماکے یا فائرنگ کرنے کا نام نہیں ہے، بڑھتی ناانصافی پر عالمی خاموشی دہشت گردی ہے۔ مظلوم کی گردن کو بوٹوں سے دبانے کا نام دہشت گردی ہے۔ بلڈوزر کے ذریعے گھر کو تاریکی میں بدلنا دہشت گردی ہے۔ دہشت گردی وہ کرفیو ہے گھنٹوں نہیں بلکہ دہائیوں پر محیط ہے۔بلاول بھٹو نے کلبھوشن یادیو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان میں بھارتی دہشت گردی کا زندہ ثبوت ہے۔ ایک حاضر سروس بھارتی افسر پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث پایا گیا۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات