Live Updates

فرینڈز آف کشمیر کے زیر اہتمام سینئر رہنما شہید محمد اشرف خان صحرائی کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ویبنارکا انعقاد

منگل 6 مئی 2025 16:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما شہید محمد اشرف خان صحرائی کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے فرینڈز آف کشمیر کے زیر اہتمام ایک ویبنار منعقد کیاگیا۔فرینڈز آف کشمیر انٹرنیشنل کے زیرِ اہتمام ویبنار میں مقررین نے اشرف صحرائی کی جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے لازوال جدوجہد پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔

ویبنار سے فرینڈز آف کشمیر کی چیئرپرسن غزالہ حبیب ، عبدالحمید لون علی رضا سید ، عبداللہ گل ، غلام رضا نقوی ، زاہد صفی ، عابد عباسی ، محمود حسین ، ڈاکٹر مجاہد گیلانی ، نجیب خان اور اویس راچپوت سمیت دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اشرف صحرائی کی دوران حراست شہادت کشمیری آزادی پسند قیادت کی آواز دبانے کی بی جے پی حکومت کی گھنائونی سازش کا حصہ ہے ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ محمد اشرف صحرائی ایک عظیم آزادی پسند اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے زبردست حامی اور پاکستان کے داعی تھے،اشرف صحرائی کی موت ایک حراستی قتل ہے کیونکہ انہیں شدید علالت کی حالت میں بغیر کسی علاج کے ڈیتھ سیل میں رکھا گیا تھا جس کے نتیجے میں ان کی شہادت ہوئی۔ اشرف صحرائی نے اپنی پوری زندگی کشمیریوں کی آزادی کے لئے وقف کر دی تھی اور اس عظیم مقصد کے لئے اپنی جان اور اپنے لخت جگر جنید صحرائی سمیت سب کچھ قربان کر دیا۔

یاد رہے کہ محمد اشرف صحرائی تین سال پہلے بھارتی پولیس کی حراست میں ادھم پورکی جیل میں انتقال کرگئے تھے۔صحت بگڑنے کے باوجود قابض مودی انتظامیہ نے انہیں طبی امداد سے محروم رکھا تھا۔ مقررین نے پہلگام واقعہ پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ بھارت کی سازش تھی کہ حق پر مبنی تحریک آزادی کشمیر کو بدنام کیا جائے اور کشمیریوں پر مزید مظالم ڈھا کر ان کی زمین تنگ کی جائے ۔

مودی حکومت پر جنگی جنون سوار ہے اور اس سے قبل بھی چھٹی سنگھ پورہ، پلوامہ اور دیگر ڈرامے رچاکر پاکستان اور کشمیریوں پر بغیر تحقیق کے الزامات لگا چکے ہیں ۔ بھارت ایک خود عالمی دہشت گرد ہے جس نے کینیڈا ، امریکہ اور دیگر ممالک میں بھی دہشت گردانہ کارروائیاں کی ہیں اور عالمی برادری بھارت کے گھناؤنے چہرے سے بالکل واقف ہے۔
Live پہلگام حملہ سے متعلق تازہ ترین معلومات