Live Updates

لاہور ایئر پورٹ کی فضائی حدود ایک بار پھر بند کردی گئی، نیا نوٹم جاری

لاہور فضائی حدود کے روٹس آپریشنل وجوہات کے باعث 24 گھنٹے کیلئے بند کئے گئے ہیں،لاہور کی فضائی حدود میں مختلف فضائی روٹس کمرشل پروازوں کیلئے دوبارہ بند کردی گئی ہے

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 7 مئی 2025 13:35

لاہور ایئر پورٹ کی فضائی حدود ایک بار پھر بند کردی گئی، نیا نوٹم جاری
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 مئی 2025)لاہور ایئر پورٹ کی فضائی حدود ایک بار پھر بند کردی گئی، ایئرپورٹس انتظامیہ نے نیا نوٹم جاری کردیا،ایئرپورٹس اتھارٹی کا کہنا ہے کہ لاہور فضائی حدود کے روٹس آپریشنل وجوہات کے باعث 24 گھنٹے کیلئے بند کئے گئے ہیں،نئے جاری کردہ نوٹم کے مطابق لاہور کی فضائی حدود کے روٹس جے 186، 165، 139 فلائٹ آپریشن کیلئے بند کردیئے گئے ہیں۔

ایئرلائنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متبادل روٹس اور شیڈول سے متعلق تازہ معلومات کیلئے اے ٹی سی اور سول ایوی ایشن سے رابطے میں رہیں۔پاک بھارت کشیدگی کے تناظر میں پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے اپنے نوٹم میں کہا ہے کہ لاہور کی فضائی حدود میں مختلف فضائی روٹس کمرشل پروازوں کیلئے دوبارہ بند کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

نوٹم میں مزید کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن مکمل طور پر بحال ہے۔

اسلام آباد آنے والی پروازوں کو اے ٹی سی سے معاونت کے بعد آنے کی اجازت ہوگی۔خیال رہے کہ اس سے قبل بتایاگیا تھا کہ پی آئی اے نے لاہور اور کراچی فضائی حدود بحال کردی تھی۔پابندیوں کے باعث متاثرہ فضا ئی حدود اب کھول دی گئیں تھیں۔سول ایوی ایشن اتھارٹی پاکستان نے نیا نوٹم جاری کر دیا تھا۔مسافر متعلقہ ائیر لائنز سے رابطے میں رہنے کا کہاگیاتھا۔

شیڈول سے متعلق حتمی فیصلے کا اختیار ائیر لائنز کا تھا۔پی اے اے کی جانب سے نئے جاری کردہ نوٹم میں کہا گیا تھا کہ آپریشنل پابندیوں کے دوران ائیر اسپیس کو 48 گھنٹوں کیلئے معطل کیا گیا تھا۔ رات کو پابندی کے نتیجے میں متاثرہ فضائی حدود اب مکمل طور پر دستیاب تھی۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن جزوی بحال کردیا گیا تھا۔

دوپہر 12 بجے کے بعد پروازیں آپریٹ ہونا شروع ہوں گی۔ بزدل دشمن بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملے کرنے کے بعد فضائی سروس کو بند کر دیاگیا تھا ۔ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اسلام آباد ائیرپورٹ کا فلائٹ آپریشن بھی بحال کردیا گیاتھاجس کے بعد 4 نجی طیاروں نے لینڈنگ بھی کی تھی جبکہ اسلام آباد کی فضائی حدود پروازوں کیلئے دستیاب تھی۔

بھارتی کی جانب سے آزاد کشمیر اور پاکستان میں ہونے والے بزدلانہ حملے کے بعد لاہور، اسلام آباد اور سیالکوٹ سمیت دیگر جہگوں سے آنے والی پروازوں کو کراچی ائیر پورٹ پر لینڈ کرایا گیا تھا۔جدہ سے اسلام آباد جانے والی سعودی ائیرلائن کی پرواز ، جدہ سے لاہور جانے والی سعودی عرب کی پرواز اور ابوظبی سے نئی دہلی جانے والی اتحاد ائیر ویز کی پرواز کا رخ بھی کراچی کی جانب موڑ دیا گیاتھا۔قومی ائیرلائن کی آج کی تمام پروازوں کو منسوخ کر دیا گیا تھا۔

Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات