بھارت جارح اور پاکستان متاثرہ ملک، ہم دفاع کا حق رکھتے ہیں، بلاول بھٹو

اگر پاکستان میں دہشت گرد کیمپ ہیں تو بھارت نے تحقیقات کی ہماری حکومت کی پیشکش کو کیوں ٹھکرا دیا ،عرب میڈیاکو انٹرویو

بدھ 7 مئی 2025 22:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مئی2025ء)چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ بھارت جارح اور پاکستان متاثرہ ملک، ہم دفاع کا حق رکھتے ہیں، اگر پاکستان میں دہشت گرد کیمپ ہیں تو بھارت نے تحقیقات کی ہماری حکومت کی پیشکش کو کیوں ٹھکرا دیا ۔بدھ کوعرب میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ اقوام متحدہ چارٹر کے تحت پاکستان کو اپنے دفاع کا پورا حق حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان فوج نے بہادری اور جراتمندی سے 5بھارتی طیاروں کو مار گرایا، ہم پر حملہ کیا گیا ہے اور ہم دفاع کا حق رکھتے ہیں۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا، جھگڑا نہیں چاہتا، بھارت جارح ہے اور پاکستان متاثرہ ملک ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارت پاکستانی شہریوں کے قتل عام کو چھپانے کے لیے دہشت گرد کیمپوں کا جھوٹ بول رہا ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے سوال اٹھایا کہ اگر پاکستان میں دہشت گرد کیمپ ہیں تو بھارت نے تحقیقات کی ہماری حکومت کی پیشکش کو کیوں ٹھکرا دیا ۔انہوں نے کہاکہ بتایا جائے بھارت نے پہلگام حملے کی بین الاقوامی تحقیقات کے پاکستانی مطالبے کو کیوں رد کیا ۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ بھارت نے بین الاقوامی صحافیوں کے ان مقامات کے دورے کا انتظار کیوں نہیں کیا، جہاں حملے کیے۔انہوںنے کہاکہ بھارت نے شہری آبادی، شہری تنصیبات اور ڈیموں کو نشانہ بنایا، بھارت نے تو پہلے ہی سندھ طاس معاہدے معطل کرکے پانی روک کر جارحانہ اقدامات کیے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پہلگام حملہ بھارت کے زیر قبضہ کشمیری علاقے میں ہوا، تحقیقات کی پیشکش کے باوجود بھارت نے حملے میں ملوث افراد کے نام شیئر نہیں کیے۔