Live Updates

’امن ہی ہماری اجتماعی سلامتی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے‘

ملالہ یوسف زئی کی پاکستان اور بھارت سے کشیدگی کم کرنے کی اپیل

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 8 مئی 2025 10:30

’امن ہی ہماری اجتماعی سلامتی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے‘
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 08 مئی 2025ء ) نوبل انعام یافتہ سماجی کارکن ملالہ یوسفزئی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک سے تحمل اور امن کے فروغ کی اپیل کردی۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نفرت اور تشدد ہمارے مشترکہ دشمن ہیں، پاکستان اور بھارت کو کشیدگی کم کرنے کیلئے فوری اقدامات کرنے چاہئیں، عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ سفارتکاری اور بات چیت کو فروغ دے تاکہ خطے میں پائیدار امن ممکن بنایا جا سکے کیوں کہ امن ہی ہماری اجتماعی سلامتی اور خوشحالی کا واحد راستہ ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب بھارتی فوج نے آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں بشمول کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ پنجاب کے شہروں مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، ان حملوں میں دو مساجد شہید ہوئیں جبکہ دو بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 57 افراد زخمی ہوگئے، پاکستان نے جوابی کارروائی میں بھارت کے تین رافیل، ایک مگ 29، ایک ایس یو30 جنگی طیارہ اور ایک کومبیٹ ڈرون کو کامیابی سے مار گرایا۔

(جاری ہے)

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بھارت کے 75 سے 80 فائٹرز نے سرحد پر فائر کیا جس کا جواب دیا گیا، اس دوران ایک گھنٹہ سرحد پر جنگ رہی، جس پر ہماری فضائیہ نے بھرپور ردعمل دیا، نیلم جہلم پراجیکٹ کو بھارت کی جانب سے نشانہ بنانا سنگین خلاف ورزی اور دگنا مجرمانہ ایکٹ ہے، جس بھارتی فائٹر نے پے لوڈ گرایا، ہم نے صرف اسے ہی نشانہ بنایا جس سے 5 انڈین طیارے گرے، جن میں 3 فائٹر جہاز 2 ان مینڈ کاپٹرز شامل ہیں، ہم نے پہل نہیں کی لیکن جارحیت کا بھرپور جواب دیا گیا، اگر فورسز کو تحمل کا نہ کہا گیا ہوتا تو دشمن کے پانچ نہیں 15 طیارے گرے ہوتے۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات