Live Updates

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا پاک آرمی کے ساتھ اظہار یکجہتی

جمعرات 8 مئی 2025 23:00

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 مئی2025ء) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جمعرات کے روز سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں افواجِ پاکستان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی اور بھارتی حملوں کے دوران شہید ہونے والوں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ایوان میں وزیراطلاعات پیر محمد مظہر سعید شاہ نے پاکستان کی سلامتی و استحکام، کشمیر کی آزادی اور شہدا کی بلندی درجات کے لیے دعا کروائی۔

اجلاس کے دوران ایوان میں ''پاکستان زندہ باد'' اور افواج پاکستان زندہ بات کے فلک شگاف نعرے گونجے اور قومی پرچم لہرایا گیا۔وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایوان میں قومی پرچم بلند کیا۔ ان کی تجویز پر قواعد معطل کر کے ایوان کی تمام دیگر کارروائی موخر کی گئی اور جمعرات کا دن افواجِ پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کے اظہار اور شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے مختص کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایوان میں وزیراعظم چوہدری انوار الحق، سینئر وزیر کرنل وقار نور، وزیر زراعت میر اکبر، وزیر بلدیات فیصل راٹھور، وزیر خوراک چوہدری محمد اکبر، وزیر مواصلات اظہر صادق، وزیر تعلیم دیوان چغتائی، وزیر پی ڈی او چوہدری محمد رشید، وزیر ہائیر ایجوکیشن ملک ظفر اقبال، وزیر مال چوہدری اخلاق، وزیر صحت نثار انصر ابدالی، وزیر فشریز جاوید ایوب، وزیر سپورٹس عاصم شریف بٹ، قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق، سابق وزرائے اعظم راجہ فاروق حیدر خان اور حاجی یعقوب خان سمیت دیگر اراکین نے قراردادوں پر اظہارِ خیال کیا۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات