پاک فوج بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے،سینئر نائب صدر چیمبر آف کامرس کا ریلی سے خطاب

جمعہ 9 مئی 2025 17:33

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2025ء) بھارتی جارحیت کے خلاف اور افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کےلئے ملتان چیمبر آف کامرس کے سینئر نائب صدر خواجہ محمد محسن کی قیادت میں چیمبر اف کامرس سے گھنٹہ گھر تک ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی میں صنعت کاروں،تاجروں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

شرکاء نے ’’پاک فوج زندہ باد‘‘، ’’قدم بڑھاؤ پاک فوج ہم تمہارے ساتھ ہیں‘‘،’’مودی حکومت مردہ باد ‘‘کے نعرے لگائے اور بھارت کے بزدلانہ حملے کی مذمت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سینئر نائب صدر خواجہ محمد محسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے رات کی تاریکی میں حملہ کر کے بے گناہ شہریوں اور معصوم بچوں کو شہید کیا جس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔

چیمبر آف کامرس سے تعلق رکھنے والے تمام افراد پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے اپنا تن من دھن قربان کرنے کو تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں اقوام متحدہ اور عالمی برادری نوٹس لے کر بھارت کو لگام دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،پاک فوج ملک و قوم کا فخر ہے جو بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔