qپاک فوج نے بھارت کے ناپاک عزائم خاک میںملادیے، اشفاق ورک

غ* بھارت کے جارحانہ عزائم اور آبی دہشتگردی کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیںگے

جمعہ 9 مئی 2025 20:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 مئی2025ء) مرکزی کسان لیگ کے صدر محمد اشفاق ورک نے کہا ہے کہ بھارت ہماری زمینوں کو بنجر بنانے کے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔ وہ دریاؤں پر غیر قانونی ڈیم بنا کر اور پانی روک کر پاکستان کی زرعی معیشت کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، مگر پاکستانی کسان اپنے پانی کے تحفظ کے لیے ہر محاذ پر لڑنے کو تیار ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز الامن گوجرانوالہ میں خطبہ جمعہ اور بعد ازاں ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اشفاق ورک نے کہا کہ بھارتی افواج نے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرحد پار کی اور مساجد کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں درجنوں معصوم شہری شہید و زخمی ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے بروقت کارروائی کر کے بھارتی طیاروں کو مار گرایا۔

(جاری ہے)

اب بھارت ڈرون حملوں کے ذریعے پاکستانی عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتا ہے، مگر یہ قوم بہادر، نڈر اور شہادت کو اعزاز سمجھتی ہے۔

پوری پاکستانی قوم اس وقت مکمل طور پر متحد ہے اور پاک فوج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر وطن کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ نمازِ جمعہ کے بعد بھارتی دہشتگردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی غائبانہ نمازِ جنازہ ادا کی گئی۔ بعد ازاں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے اشفاق ورک کے ساتھ ساتھ معروف سماجی رہنما احمد ڈار نے بھی کہا کہ بھارت کے جارحانہ عزائم اور آبی دہشتگردی کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی جارحیت کو اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں میں موثر انداز میں اٹھائیں اور بھارتی دہشت گردی کو بے نقاب کریں۔