Live Updates

پاک۔بھارت کشیدگی،پی ایس ایل کے باقی 8 میچز ملتوی کر دیے گئے

جمعہ 9 مئی 2025 21:30

اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2025ء)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے باقی آٹھ میچز ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا۔پی سی بی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کی صورتحال مزید خراب ہوئی ہے، 78 ڈرونز نے دراندازی کی ہے اور بھارت کی جانب سے زمین سے زمین پر مار کرنے والے میزائل داغے گئے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف کے مشورے پر کیا گیا ہے، جنہوں نے بھارت کی جانب سے بڑھتی ہوئی جارحیت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ رائے دی، اس وقت پوری قوم کی توجہ اور جذبات بجا طور پر ان بہادر مسلح افواج کی طرف ہیں جو پاکستان کی خودمختاری کا بھرپور دفاع کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

اعلامیے کے مطابق پی سی بی اور تمام کھلاڑی شہداء کے اہلِ خانہ اور مادرِ وطن کے دفاع میں مصروف سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ پی سی بی اپنے تمام شراکت داروں، فرنچائزز، کھلاڑیوں، براڈکاسٹرز، اسپانسرز اور منتظمین کی کوششوں اور تعاون کا اعتراف کرتا ہے، جنہوں نے اب تک ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا۔پی سی بی کے مطابق کرکٹ خوشی اور اتحاد کا ذریعہ ہے، تاہم اس وقت ایک وقفہ لینا چاہیے جب ملک ایسی سنگین صورتحال کا سامنا کر رہا ہو۔
Live پاک بھارت کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات