پاکستانی ہیکرز کا سائبرحملہ؛ بیشتر بھارتی ویب سائٹس کا اہم ڈیٹا ڈارک ویب پر 'فار سیل'

ہیک کی جانے والی بھارتی ویب سائٹس پر ’انڈین دہشتگردی کے ثبوت، بھارت دہشتگردی کی آماجگاہ ہے‘ لکھ دیا

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 10 مئی 2025 16:04

پاکستانی ہیکرز کا سائبرحملہ؛ بیشتر بھارتی ویب سائٹس کا اہم ڈیٹا ڈارک ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 مئی 2025ء ) پاکستانی ہیکرز کی جانب سے بیشتر بھارتی ویب سائٹس کا اہم ڈیٹا ڈارک ویب پر فروخت کیلئے پیش کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے سائبر حملے کے دوران بیشتر بھارتی ویب سائٹس کو بھی ہیک کر لیا گیا۔ پاکستانی سائبر حملوں میں ہیک کی گئی ویب سائٹس میں بھارتی آسام رائفل، ڈپارٹمنٹ آف اٹامک انرجی پورٹل اور انڈین ڈیفنس پروڈکشن بھی شامل ہیں، ہیک کی جانے والی بھارتی ویب سائٹس پر ’انڈین دہشتگردی کے ثبوت، بھارت دہشتگردی کی آماجگاہ ہے‘ لکھا گیا ہے، انڈین ڈیفنس پروڈکشن ویب سائٹ کا حساس ڈیٹا ڈارک ویب پر 'فار سیل' لکھ کر ڈارک ویب پر فروخت کیلئے پیش کردیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ سائبر میدان پر قبضہ جماتے ہوئے پاکستان نے بھارت کا ڈیجیٹل نظام درہم برہم کردیا، بی جے پی کی آفیشل ویب سائٹ سے لے کر بھارت کے دفاعی و تکنیکی ادارے، سب ہیک کر لیے گئے جن میں کرائم ریسرچ انویسٹیگیشن ایجنسی، مہانگر ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی، بھارت ارتھ موورز لمیٹڈ، ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ، بارڈر سیکیورٹی فورس، انڈیا کی منفرد شناخت اتھارٹی (UIDAI) شامل ہیں، 2,500 سے زائد سرکاری نگرانی کیمرے ہیک ہوگئے، بھارتی ایئر فورس، مہاراشٹر الیکشن کمیشن اور دیگر اہم اداروں کا ڈیٹا افشاں کردیا گیا، دشمن کا 70 فیصد بجلی کا نظام معطل ہوگیا، پورا سائبر اور مواصلاتی ڈھانچہ تباہ کردیا گیا۔

(جاری ہے)

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج نے صرف پانچ گھنٹوں میں وہ کر دکھایا جو کئی دہائیوں میں ممکن نہ تھا، یہ صرف حملہ نہیں تھا بلکہ پیشہ ورانہ مہارت، جدید ٹیکنالوجی اور ذہانت کی جنگ کا عظیم مظاہرہ تھا، جس میں S400 ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کردیا گیا جس سے بھارت کا غرور راکھ ہوا، JF17 تھنڈر کے ہائپرسونک میزائلوں نے آدم پور میں بھارت کے S400 سسٹم کو تباہ کر دیا جو ایک ایسا نظام ہے جسے بھارت ناقابلِ تسخیر سمجھتا تھا، جس کی قیمت 1.5 ارب ڈالر ہے۔

سکیورٹی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص کے دوران دشمن کی زمینی و فضائی تنصیبات کی مکمل تباہی ہوئی، دہرانگیاری میں توپ خانہ مٹایا گیا، ناگروٹا میں براہموس میزائل سٹوریج تباہ ہونے کے ساتھ بھاری جانی نقصان بھی ہوا، اُڑی فیلڈ سپلائی ڈپو صفحہ ہستی سے مٹ گیا، بھمبر گلی (IIOJK) میں بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹرز مکمل تباہ کیا جاچکا ہے، اس کے علاوہ پٹھان کوٹ، برنالہ، اکھنور، بٹھِنڈہ، سرسہ جس کی تباہی کی تصدیق بھارتی میڈیا نے خود کی اس سمیت متعدد فوجی فضائی اڈے نیست و نابود کردیئے گئے۔

بتایا جارہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی چوکیاں ختم کردی گئی ہیں، ان میں نیزہ پیر سیکٹر کے سامنے کی تینوں اہم پوسٹس، دھرم سال 1، دانہ 1، ٹیبل ٹاپ شامل ہیں، دشمن کی ان پوسٹس کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا دیگر چوکیوں پر بھی کاری ضربیں لگی، جس سے بھارت کی جنگی صلاحیت کو زوال پہنچا، فضائی دفاع، بری فوج، ڈیجیٹل نظام، کمانڈ اینڈ کنٹرول سمیت ہر محاذ پر پاکستان نے بھارت کی جنگی طاقت کو مفلوج کر دیا، یہ صرف ایک حملہ نہیں بلکہ ملٹی ڈومین وارفیئر (multi-domain warfare) کا عملی مظاہرہ تھا جو صرف پانچ گھنٹوں میں دکھایا گیا۔