کرم ضلع سے رکن صوبائی اسمبلی علی ہادی نے باضابطہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا

اتوار 11 مئی 2025 17:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) خیبر پختونخوا کے ضلع کرم سے رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) علی ہادی نے باضابطہ طور پر پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کر دیا ہے۔یہ اعلان اتوار کو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا گیا جس کی صدارت وفاقی وزیر اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے کی۔

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے جنرل سیکرٹری مرتضیٰ جاوید عباسی، ایڈیشنل انفارمیشن سیکریٹری سینیٹر زاہد خان اور نومنتخب ایم پی اے علی ہادی بھی موجود تھے۔علی ہادی نے سابق وزیر اعظم نواز شریف، وزیر اعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر امیر مقام کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مسلم لیگ (ن) کے قومی ترقی کے وژن اور جمہوریت و طرز حکمرانی کو مضبوط بنانے کے عزم سے متاثر ہو کر پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

علی ہادی کو پارٹی میں خوش آمدید کہتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے ان کے فیصلے کو پارٹی کے لیے مثبت پیش رفت قرار دیا اور کہا کہ "علی ہادی کی شمولیت نہ صرف کرم میں پارٹی کو مضبوط کرے گی بلکہ صوبے میں ترقی اور اتحاد کے بڑے وژن کو بھی تقویت دے گی۔انہوں نے علی ہادی کے سیاسی سفر کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا میں اپنی سیاسی سرگرمیاں تیز کر رہی ہے تاکہ آنے والے انتخابی چیلنجز کے پیش نظر ان علاقوں میں اپنی پوزیشن مستحکم کی جا سکے جو روایتی طور پر پارٹی کے مضبوط گڑھ نہیں رہے۔