پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ، پاک افواج نے قابلیت اور پیشہ وارانہ مہارت سے اپنی بالا دستی کا لوہا منوایا، راشد اقبال نصر اللہ

اتوار 11 مئی 2025 18:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) وزیراعلی پنجاب کے معاون خصوصی راشد اقبال نصر اللہ نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا ، پاک افواج نے قابلیت اور پیشہ وارانہ مہارت سے اپنی بالا دستی کا لوہا منوایا، محمد نوازشریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور سپہ سالارکی رہنمائی سے پاکستان فتح یاب ہوا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یہاں اپنی رہائشگاہ پر پاکستان کی فتح پر یوم تشکر کے حوالے سے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سیاسی شخصیات سمیت علاقہ معززین اور پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ معاون خصوصی راشد اقبال نصر اللہ نے کہا کہ قائد محمد نوازشریف، وزیراعظم محمد شہباز شریف، سربراہان مسلح افواج اور تمام سیاسی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جن کی رہنمائی سے پاکستان کو فتح نصیب ہوئی، اس عظیم کارنامے پر پوری پاکستانی قوم اور قیادت کو مبارکباد اور پاک افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاک افواج کے عزم وہمت اور دلیری نے دشمن کی جارحیت کے پرخچے اڑا دئیے اور بہادر جوانوں نے اپنی قابلیت، جذبے، پیشہ وارانہ مہارت سے روایتی جنگ میں بھی بالا دستی کا لوہا منوایا، الحمدللہ، پاکستان کو فتح ہوئی، یہ اللہ کا کرم اور عوام کے اتحاد کی وجہ سے ہوا، یہی ہماری اصل طاقت ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر دنیا کو بتا دیا کہ پاکستان ایک آزاد اورخودمختار ملک ہے جواپنی آزادی، وقار اور سالمیت پر حملہ برداشت نہیں کرے گا، پاکستان کی کامیابی میںقیادت ، عوام اور میڈیا سمیت سب نے اپنے اپنے محاذ پر تاریخی کردار ادا کیا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم خوف کی جنگ بھارت کے حملے سے پہلے ہی جیت چکی تھی،ذمہ دار ملک کے طور پر ہم حق پر کھڑے تھے، اس لئے اللہ تعالی نے ہمیں سرخرو کیا، فوجی، سفارتی اور اخلاقی سب محاذوں پر فتح ہوئی۔قبل ازیں یوم تشکر پر ملک کی سلامتی، خوشحالی اور پاک افواج کیلئے دعا کروائی اور کارکنوں میں مٹھائی تقسیم کی،پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے ۔