Live Updates

پاک فوج نے دُشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا،حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری

اتوار 11 مئی 2025 20:40

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر محمد سلیم میمن نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں اَفواجِ پاکستان، بالخصوص پاک فضائیہ کے بہادر و پروفیشنل پائلٹس کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتےہوئے کہا ہے کہ پاک فوج نے دُشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دے کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا اور دنیا بھی پاکستانی پائلٹس کی مہارت اور جرأت کی قائل ہوگئی۔

اُنہوں نے کہا کہ جنگ پاکستان کاپہلا انتخاب کبھی نہیں رہا اور بطور تاجر، ہمیشہ پُرامن ماحول، خطے میں استحکام اور ہمسایہ ممالک سے باعزت تعلقات کے خواہاں رہے ہیں مگر جب دُشمن نے حملہ کیا تو اَفواجِ پاکستان نے دُشمن کو ایسی زُبان میں جواب دیا جو وہ بہتر سمجھتے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ حقیقت ہے کہ 22 اَپریل کو ہونے والے مقبوضہ کشمیر حملے کو بہانہ بنا کر بھارت نے 7 مئی کو ''آپریشن سندور'' کے تحت پاکستان کے مختلف علاقوں پر حملہ کیا۔

مگر اللہ رب العزت کے فضل اور اَفواج پاکستان کے فولادی عزم کے باعث پاکستان نے ''آپریشن بنیان المرصوص'' کے ذریعے نہ صرف دُشمن کے رافیل طیارے، ڈرون اور میزائل تباہ کیے بلکہ عالمی سطح پر یہ پیغام دیا کہ پاکستان کو کمزور سمجھنا دُشمن کی بہت بڑی غلطی ہوگی۔ صدر محمد سلیم میمن نے وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور عسکری قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا جن کی دور اندیش حکمت عملی کے باعث بھارت کوبین الاقوامی طاقتوں کے سامنے پاکستان کے ساتھ سیز فائر کروانے کی درخواست کرنی پڑی۔

اُن کی قیادت نے واضح کر دیا کہ پاکستان نہ تو جنگ چاہتا ہے، نہ کمزوری دکھائے گا، بلکہ ''امن کے ساتھ عزت و وقار'' کی پالیسی پر کاربند رہے گا۔ صدر چیمبر نے کہا کہ اِن جنگی حالات نے واضح کر دیا ہے کہ مضبوط دفاع کے ساتھ ملک کی معیشت کی استحکامی اور ٹیکنالوجی میں ایڈوانسمنٹ بھی بہت ضروری ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ اس موقع ہم سب کو ِ عہد کرنا چاہیے کہ جس طرح ہم نے متحد ہو کر اَفواجِ پاکستان کا ساتھ دیا اُسی طرح ملک کی ترقی، خوشحالی اور خود اِنحصاری کے لیے بھی ہم سیاسی و سماجی اختلافات سے بالاتر ہو کر یکجہتی، محنت اور خلوص کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔

اِس کے ساتھ صدر چیمبر نے محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراجِ عقیدت پیش کیا جن کی قیادت میں حاصل کردہ ایٹمی صلاحیت آج پاکستان کے دفاع کی مضبوط ترین ضمانت ہے۔ صدر چیمبر سلیم میمن نے مزید کہا کہ پاکستان کے تاجر اور صنعتکار اَمن و استحکام میں سب سے زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں کیونکہ یہی معیشت، روزگار، سرمایہ کاری اور ٹیکس نیٹ کی بنیاد ہے۔ مگر جب بھی وطن عزیز پر مشکل وقت ہوگا، کاروباری برادری ہر اوّل دستے کی طرح اپنی اَفواج کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ ہم شکر گزار ہیں اُن برادر اِسلامی ممالک کے جنہوں نے سیز فائر کے لیے کردار ادا کیا اور اِس موقع پر ہم اللہ رب العزت کے حضور سجدہ شکر ادا کرتے ہیں کہ پاکستان کو ایک بار پھر عزت و سربلندی عطا ہوئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات