جنوبی ایشیا کا امن تنازعہ کشمیر کے حل سے وابستہ، پاک بھارت سیز فائر کا خیر مقدم

اتوار 11 مئی 2025 21:20

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مئی2025ء) غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا قیام ناممکن ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت کا فوجی طرز عمل اور آر ایس ایس کا نظریہ نہ صرف کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ حق خودارادیت سے محروم کر رہا ہے بلکہ علاقائی استحکام کو بھی خطرے میں ڈال رہا ہے۔

حریت کانفرنس نے پاکستان اور بھارت کے درمیان سیز فائر کا خیرمقدم کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بھارت کی ہٹ دھرمی کشمیر کو ایٹمی فلیش پوائنٹ میں تبدیل کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ فیصلہ کن مداخلت کرے اور کشمیرکے بارے میں اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام جدوجہدآزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے اپنے عزم پر قائم ہیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمامیرواعظ عمرفاروق ، آغاسید حسن الموسوی الصفوی ، مفتی اعظم مفتی ناصرالاسلام اورمحبوبہ مفتی سمیت مقبوضہ جموں وکشمیر کی مختلف سیاسی ، سماجی اورمذہبی تنظیموں نے بھی دونوں ملکوں کے درمیان سیز فائر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و استحکام حاصل کرنے کاواحد ذرےعہ مذاکرات ہی ہیں۔انہوں نے اپنے بیانا ت میں کہاکہ بامعنی مذاکرات سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان روایتی دشمنی اور ہتھیاروں کی دوڑ کا خاتمہ بلکہ خطے میں تعمیر و ترقی کا ایک نیا دور بھی شروع ہوگا۔

نئی دہلی کے زیر کنٹرول سٹیٹ انویسٹی گیش ایجنسی (ایس آئی اے ) نے مقبوضہ علاقے کے اسلام آباد، پلوامہ، شوپیاں اور کولگام اضلاع میں کم از کم 20مقامات پر چھاپے مارے۔ ایجنسی اہلکاروں نے گھروں پر چھاپوں کے دوران جائیدادوں اور بینک کی اہم دستاویزات، موبائل فون اور لیپ ٹاپ ضبط کر لیے۔ ضلع بڈگام کے قصبے چرار شریف میںشیخ نورالدین ولی رحم اللہ علیہ کی خانقاہ کی المناک آتشزدگی کو آج 30سال مکمل ہوگئے۔

بھارتی فورسز نے چرارشریف میں 66دن کے محاصرے کے بعد 10اور11مئی 1995کی درمیانی شب صدیوں پرانی خانقاہ ، ایک تاریخی مسجد اور ایک ہزار سے زائد گھروں اور دکانوں کونذرآتش کر دیا تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادجموں وکشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی ، محمود احمد ساغراور دیگر رہنماﺅں نے بھارتی جارحیت کا فوری اور موثر جواب دینے پرپاک فوج کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیانات میں کہاکہ پاک افواج کے کامیاب آپریشن سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔