Live Updates

سانحہ 12 مئی قومی تاریخ کا سیاہ دن ، کراچی کی سڑکوں پر بہایا گیا خون رائیگاں نہیں گیا، بلاول بھٹوزرداری

یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں جمہوریت عظیم قربانیوں کے بعد ملی ہے، ہم سانحہ 12 مئی کے شہداء کو نہیں بھولے ہیں اور نہ ہی انہیں قوم نے فراموش کیا ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی کا سانحہ 12مئی کے شہداء کی برسی کے موقع پر پیغام

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 12 مئی 2025 12:15

سانحہ 12 مئی قومی تاریخ کا سیاہ دن ، کراچی کی سڑکوں پر بہایا گیا خون رائیگاں ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12 مئی 2025)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سانحہ 12 مئی قومی تاریخ کا سیاہ دن ہے، کراچی کی سڑکوں پر بہایا گیا خون رائیگاں نہیں گیا، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہمیں جمہوریت عظیم قربانیوں کے بعد ملی ہے،سانحہ 12مئی 2007ءکی برسی کے موقع پر شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اپنے بیان میں چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ ہم سانحہ 12 مئی کے شہداءکو نہیں بھولے ہیں اور نہ ہی انہیں قوم نے فراموش کیا ہے۔

آج کا دن ان عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرنے کا دن ہے۔ہماری آنے والی نسلیں بھی اس المناک دن کے مجرموں کی ہمیشہ مذمت کرتی رہیں گی۔12مئی کو درجنوں بے گناہ شہریوں کو بے رحمی سے شہید اور سینکڑوں کو زخمی کیا گیا صرف اس لئے کہ وہ جمہوریت، آئین اور عدلیہ کے ساتھ کھڑے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس روز انسانی جان کی حرمت پامال اور جمہوری اقدار کو دن دہاڑے روندا گیا۔

کراچی کے عوام، وکلائ، سیاسی کارکنان اور سول سوسائٹی نے آئین کی سربلندی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے اپنی جانیں قربان کیں۔ سانحہ 12مئی کو کراچی کی سڑکوں پر بے گناہ لوگوں کا خون بہایا گیا جو کبھی رائیگاں نہیں گیا بلکہ وہ آج ظلم کے خلاف مزاحمت کی ایک توانا علامت بن چکا ہے۔یہ دن ہماری قومی تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے۔12 مئی جیسے ماضی کے سانحات سے سبق سیکھنے کی ضرورت ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آمریت اور تشدد کا سامنا کیا ہے اور قربانیوں کی طویل تاریخ اس کی گواہ ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا اپنے پیغام میں مزید کہنا ہے کہ اگر پاکستان نے آگے بڑھنا ہے تو ہمیں ایسے المناک سانحات کو دہرانے سے روکنا ہوگا۔ شہداءکی جمہوریت سے غیرمتزلزل وابستگی اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ان کی انتھک کاوشوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔ آئیے 12 مئی کو اپنی جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کریں۔ پیپلز پارٹی شہداءکے خاندانوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے اور اس جدوجہد کا حصہ رہے گی۔ آج نفرت، تقسیم اور تشدد کی سیاست کو دفن کرنے کی ضرورت ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات