Live Updates

حکومت پاکستان، اورآزاد کشمیر کی یہ ذمہ داری ہے وہ متاثرہ خاندانوں کی فوری مالی امداد کرے

شہداء کے لواحقین کو فوری طور پر مالی معاوضہ دیا جائے جن کے مکانات تباہ ہوئے ہیںان کی فوری تعمیر نو کی جائے

پیر 12 مئی 2025 15:06

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مئی2025ء) پاسبان وطن پاکستان کے مرکزی صدر محمد طاہر کھوکھر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے نتیجے میں کشمیری عوام کو درپیش جانی و مالی نقصان دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے بھارت نے نہتے کشمیری شہریوں کو گولہ باری کا نشانہ بنایا جس سے متعدد بے گناہ افراد شہید اور کئی خاندان اجڑ گئے۔

مودی حکومت نے پورے خطے کے امن کو داو پر لگا دیا ہے کشمیری عوام نے وطن کی خاطر بے مثال قربانیاں دی ہیں اور ہم اپنے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر جاری بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری سے بے گناہ کشمیریوں کا قتل عام انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے جس کی تمام تر ذمہ داری بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت پر عائد ہوتی ہے کہ مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آچکا ہے جو نہ صرف کشمیری عوام بلکہ خطے کے امن کا بھی دشمن ہے۔

(جاری ہے)

طاہرکھوکھر نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے حکومت پاکستان، اور ٓزاد کشمیر کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ ان متاثرہ خاندانوں کی فوری مالی امداد کرے ان کے گھر دوبارہ تعمیر کرے اور ان کے بچوں کے لیے تعلیم اور علاج کا انتظام کرے انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے قیام پاکستان سے آج تک بے شمار قربانیاں دی ہیں اور آج بھی ان کی وفاداری اور قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جا سکتاہمارے شہداء نے بھارت کے توپ و تفنگ کا سامنا خالی ہاتھ کیامگر جھکے نہیں ان کی قربانیاں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی۔

انہوں نے حکومت سے متاثرہ خاندانوں کے لیے فوری اقدامات کا مطالبہ کر دیا انہوں نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کو فوری طور پر مالی معاوضہ دیا جائے جن کے مکانات تباہ ہوئے ہیںان کی فوری تعمیر نو کی جائے طاہر کھوکھر نے کہا کہ ہم اپنے شہداء کو کبھی نہیں بھول سکتے ان کے خون کا قرض ہماری گردن پر ہے یہ وقت صرف الفاظ کا نہیں، عملی اقدامات کا ہے یہ وقت ہے جب اقوام متحدہ، او آئی سی اور عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں کو جاگنا ہوگا اور بھارت کے خلاف سخت اقدامات لینے ہوں گے مرکزی صدر نے کہا کہ ہمیں کشمیری عوام کے زخموں پر مرہم رکھنا ہوگا، اور عالمی برادری کو بھی بھارتی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے کشمیر کے عوام نے امن کی خواہش کے باوجود قربانیاں دی ہیں ان کے خون کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات