Live Updates

حالیہ بھارتی جارحیت سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر دنیا میں ابھر کر سامنے آیا ہے، وزیراطلاعات آزادکشمیر

منگل 13 مئی 2025 23:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2025ء) آزاد کشمیر کے وزیر اطلاعات محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ حالیہ بھارتی جارحیت سے مسئلہ کشمیر ایک بار پھر دنیا میں ابھر کر سامنے آیا ہے، عالمی برادری اقوام متحدہ کی قرارداوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے تنازع کو حل کرانے کیلئے ذمہ دارانہ کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ پہلگام واقعہ کو بنیاد بنا کر بھارت کی جانب سے پاکستان پر جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں، کشمیری قوم ایک عرصے سے ہندوستان کی دہشت گردی کا شکار ہے،مقبوضہ کشمیر کے حساس اور ریڈ زون کے اندر واقع علاقے پہلگام میں جہاں پر بھارتی فوجی یونٹ اور پولیس چوکی واقع ہو، اس طرح کادہشت گردی کا واقعہ ہونا اور کسی بھی دہشت گردکا پکڑا نہ جانا حیرت انگیز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام واقعے کے فوراً بعد بغیر کسی تحقیق کے پاکستان کے خلاف بھارتی جارحیت سے مودی کی جنونیت اور پاکستان دشمنی دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہے، ہندوستانی عوام کو اس بارے میں سوچنا چاہیئے، یہ شخص کسی بھی مہذب معاشرے میں رہنے کے قابل بھی نہیں ہے، بھارتی میڈیا اور مودی سرکار کے جھوٹ دنیا کے سامنے عیاں ہوگئے ہیں اور بھارت کے فالس فلیگ آپریشن کے بعد جو جھوٹا بیانیہ دنیا کے سامنے پیش کیا گیا وہ پاکستانی میڈیا کی ذمہ دارانہ رپورٹنگ کے باعث بے نقاب ہو چکا ہے۔

محمد مظہر سعید شاہ نے کہا کہ ہمارا دشمن ظرف سے عاری ہے جس کی کم ظرفی دنیا نے دیکھ لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ آزاد کشمیر میں بھارتی جارحیت سے بے گناہ اور معصوم شہری شہید ہوئے ہیں جن کے لواحقین کو دس لاکھ روپے فی کس کے حساب سے ادائیگی کی جا چکی ہے جبکہ زخمیوں اور عمارتوں کے نقصانات کاتخمینہ لگایا جا رہا ہے جس کے بعد انہیں بھی ادائیگی کر دی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ملک ہونے کا ثبوت دیا ہے اور پاکستانی میڈیا نے بھارت کے مقابلے میں انتہائی مثبت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ کر کے بھات کے جھوٹے بیانیے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے، پاکستان میں امن و امان میں ہماری بہادر مسلح افواج کا اہم کردار شامل ہے ، ہم افواج پاکستان کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات