Live Updates

سیزفائر پر عمل درآمد اہم ہے، لیکن اصل مسئلے کا حل تلاش کئے بغیر امن کی کوئی کوشش مکمل نہیں ہو سکتی ، پاکستانی سفیر

پاکستان ایک امن پسند قوم ہے، پاکستان بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران بروقت امریکی کردار کو سراہاتا ہے، سندھ طاس معاہدے پر یکطرفہ اقدامات علاقائی استحکام کیلئے خطرہ ہو سکتے ہیں، رضوان سعید کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے دورے کے موقع پر گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 14 مئی 2025 11:08

سیزفائر پر عمل درآمد اہم ہے، لیکن اصل مسئلے کا حل تلاش کئے بغیر امن ..
واشنگٹن(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14 مئی 2025)امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا ہے کہ سیزفائر پر عمل درآمد اہم ہے، لیکن اصل مسئلے کا حل تلاش کئے بغیر امن کی کوئی کوشش مکمل نہیں ہو سکتی ، پاکستان ایک امن پسند قوم ہے، پاکستان بھارت کے ساتھ کشیدگی کے دوران بروقت امریکی کردار کو سراہاتا ہے،نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے وفد کے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکہ میں پاکستانی سفیرنے کہا کہ پاکستان امن میں سب کے مفاد کو دیکھتا ہے تاہم اگر جارحیت مسلط کی گئی تو پاکستان اس کا بھرپور اور موثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت اور عزم رکھتا ہے۔

امریکی مداخلت سے پاک بھارت کشیدگی کم ہوئی۔ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ کشیدگی کم کرنے کیلئے امریکی قیادت کی مسلسل کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے اس حوالے سے موثر کردار ادا کیا ہے اور ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر نے سعودی عرب، ترکیہ اور دیگر دوست ممالک کی حمایت اور سفارتی کاوشوں پر بھی تشکر کا اظہار کیا۔

رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ سندھ طاس معاہدے پر یکطرفہ اقدامات علاقائی استحکام کیلئے خطرہ ہو سکتے ہیں، امریکا پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ پاک امریکا تعلقات کا نیا دور مضبوط اقتصادی تعلقات سے عبارت ہے۔پاکستانی سفیررضوان سعید شیخ کا مزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی توجہ کو حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کو تسلیم کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کی حل طلبی پائیدار امن کی ہر کوشش کو متاثر کرتی رہے گی۔یاد رہے کہ اس سے قبل امریکہ میں پاکستان سفیر رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ ایسی سوچ بھی دماغ میں نہیں آنی چاہیے کہ پاکستان پر حملہ ہوگا اور جوابی ردعمل نہیں ہوگا۔ بھارت نے مسلسل تیسری رات حملہ کیا تھا۔ بھارت کو یہ سوچنا بھی نہیں چاہیے کہ پاکستان اس کی جارحیت پر خاموش رہے گا۔

امریکی ٹی وی سی این این کو انٹرویو دیتے ہوئے رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے کے بعد بغیر کسی ثبوت جارحیت کا مظاہرہ قابل مذمت تھی۔ کیا دنیا ایک ایسی مثال قائم کرنا چاہتی ہے کہ بغیر کسی ثبوت ایک خودمختار ملک کے خلاف کھلی جارحیت کا مظاہرہ کیا جائے۔اب تک ہم نے جو کارروائی کی ہے وہ اپنے حق دفاع میں کی تھی۔ اینکر جیک ٹیپر کو انٹرویو کے دوران سفیر پاکستان نے بھارتی الزامات اور جارحیت کے جواب میں پاکستانی نکتہ نظر اور قوم کے جذبات کی بھرپور اور دوٹوک نمائندگی کی۔

رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد بغیر کسی ثبوت جارحیت کا مظاہرہ قا بل مذمت تھا۔انہوں نے کہاتھا کہ علاقائی اور عالمی امن کے تناظر میں ایسی مثالیں قائم کرنا پر خطر ہوگا، گزشتہ تین راتوں سے بھارت کی جانب سے اشتعال انگیزی اور جارحیت کا مظاہرہ کیا جا رہا تھا۔ پاکستان نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے حق دفاع کا استعمال کیا، ثبوت کے بغیر الزام تراشی انتہائی مضحکہ خیز تھی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات