Live Updates

عمران خان نے وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش پر حکومت سے بات چیت پرآمادگی ظاہرکر دی، سینئر صحافی انصار عباسی کا دعویٰ

بانی پی ٹی آئی نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے آئے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو مذاکرات کی اجازت دیدی، پارٹی اب باضابطہ طور پر حکومت سے بات چیت آگے بڑھانے کیلئے رجوع کرے گی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 15 مئی 2025 10:57

عمران خان نے وزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش پر حکومت سے بات چیت پرآمادگی ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15 مئی 2025)سینئر صحافی انصار عباسی نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے وزیراعظم شہباز شریف کی حالیہ پیشکش کے بعد حکومت کے ساتھ بات چیت پر آمادگی ظاہرکر دی،بانی پی ٹی آئی نے پیر کے روز اڈیالہ جیل میں ملاقات کیلئے آئے پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو مذاکرات کی اجازت دیدی،بانی پی ٹی آئی نے بیرسٹر گوہر کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات ٹی وی کیمروں سے دور ہوں تاکہ بامعنی نتائج کویقینی بنایاجا سکے۔

پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی اب باضابطہ طور پر حکومت سے بات چیت آگے بڑھانے کیلئے رجوع کرے گی۔ دی نیوز کی جانب سے رابطہ کرنے پر پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی پیشکش عمران خان تک پہنچا دی ہے تاہم انہوں نے بات چیت کی تفصیلات یا عمران خان کی جانب سے دی گئی ہدایت کے مطابق مذاکرات کی سمت کے حوالے سے کچھ بھی بتانے سے انکار کر دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں یہ نہیں بتا سکتا کہ ہمارے درمیان کیا بات چیت ہوئی۔پی ٹی آئی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی اب باضابطہ طور پر حکومت سے بات چیت آگے بڑھانے کیلئے رجوع کرے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کے ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ عمران خان چاہتے ہیں کہ مذاکرات کو ملٹری اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل ہو۔ ایک ذریعے کامزید یہ بھی کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان اس عمل کو آسان بنانے کی خاطر سٹیبلشمنٹ کے نمائندے سے ملاقات کیلئے بھی تیار ہیں۔

یاد رہے کہ یہ اہم سیاسی پیشرفت وزیر اعظم شہباز شریف کے قومی اسمبلی سے حالیہ خطاب کے بعد سامنے آئی تھی۔ وزیراعظم شہباز شریف قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو قومی مذاکرات میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعظم کی تجویز کا خیر مقدم کیا تھا تاہم پارٹی حلقوں نے واضح کیا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی واضح رضامندی کے بغیر کوئی پیش رفت نہیں ہو سکتی۔ 

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات