بھارت، اسرائیل، امریکی گٹھ جوڑ دنیا میں دہشتگردی پھیلارہا ہے‘جے یو آئی (س)

ٹرمپ مسلم ممالک کے دورے پر اسرائیل کو تسلیم کرنے پر آمادہ کرنے کیلئے آیا ہے

جمعرات 15 مئی 2025 12:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء)جمعیت علما اسلام(س) کے مرکزی سالار امیر لاہور مولانا قاری اعظم حسین، ناظم اعلی مولانا طیب عثمانی، سرپرست اعلی لاہور مولانا خلیل الرحمن حقانی، سیکرٹری اطلاعات قاری رحمت اللہ لاشاری، مولانا صلاح الدین ایوبی، قاری عبد الحمید تونسوی، احمد بلوچ دیگر نے اپنے مشترکہ بیان کہا ہے کہ بھارت، اسرائیل اور امریکہ کا گٹھ جوڑ دنیا میں دہشت گردی پھیلارہا ہے۔

سعودی حکام دورہ پر آئے ہوئے امریکی صدر کو اہلِ فلسطین پر اسرائیلی جارحیت رکوانے کے لیے مجبور کریں۔ امریکی صدر مسلم ممالک کے دورے پر صرف اس لیے آیا ہے کہ انہیں اسرائیل کو تسلیم کرنے پر آمادہ کیا جائے۔انہوں نے مزید کہاکہ مسلم ممالک یہودی ایجنٹوں کے خلاف متحد ہو کر فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کا ساتھ دیں۔

(جاری ہے)

اگر اسرائیل فلسطین کو صفح ہستی سے مٹانے میں کامیاب ہو گیا، تو قیامت کے روز تمام مسلم حکمران مجرموں کی صف میں کھڑے ہوں گے۔

سعودی حکام کو چاہیے کہ وہ امریکی صدر کے ساتھ تعلقات میں ایسی کوئی حرکت نہ کریں جس سے مسلمانوں کے دلوں میں اہلِ سعود کا احترام ختم ہو جائے، اور تمام مسلمان ان سے نفرت کا اظہار کرنے لگیں۔اسرائیل اور امریکہ، دونوں کے ہاتھ فلسطینیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں۔ یہ دونوں ممالک دنیا کے سب سے بڑے دہشت گرد ہیں، اور ہر باشعور مسلمان ان سے نفرت کرتا ہے۔