Live Updates

کسان بھائیو کسی کے بہکاوے میں نہ آنا میرا دل آپ کے ساتھ ہے، مریم نواز

مجھے سخت فیصلے کرنا پڑتے ہیں، ورنہ اگر میرا بس چلے تو میں ہر کسان بھائی کے قدموں میں سارا کچھ رکھ دوں، ہمارے تاریخی کسان پیکج سے کسانوں کو فائدہ ہورہا ہے؛ وزیراعلیٰ پنجاب کا تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 15 مئی 2025 12:20

کسان بھائیو کسی کے بہکاوے میں نہ آنا میرا دل آپ کے ساتھ ہے، مریم نواز
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 مئی 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ کسان بھائیو کسی کے بہکاوے میں نہ آنا میرا دل آپ کے ساتھ ہے۔ کسانوں میں ایک ہزار فری ٹریکٹرز تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب گندم کی قیمت بڑھتی ہے تو آٹے کی قیمت بڑھتی ہے، مجھے اپنے لوگوں کے لئے آٹا سستا رکھنا ہے جو میری مجبوری بھی ہے، مجھے سخت فیصلے کرنا پڑتے ہیں، میرا بس چلے تو میں ہر کسان بھائی کے قدموں میں سارا کچھ رکھ دوں، پنجاب حکومت نے گندم پر کسانوں کو پانچ ہزار روپے فی ایکڑ سبسڈی دی ہے، کئی دہائیوں کے بعد پنجاب میں پہلی بار کھاد نہ مہنگی ہوئی نہ بلیک میں فروخت ہوئی، ہمارے تاریخی کسان پیکج سے کسانوں کو فائدہ ہورہا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا ہے کہ آج ایک ہزار کسانوں کو فری ٹریکٹرز دیے جارہے ہیں، جن کسانوں کو ٹریکٹرز دیئے گئے انہوں نے بتایا کہ وہ پہلے ٹریکٹر کرائے پر لے کر چلاتے تھے لیکن آج وہ اپنے ٹریکٹر کے مالک بن گئے ہیں، یہاں پر کسانوں اور میرے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کی گئیں لیکن سب ناکام ہوگئے، یہاں کہا گیا کہ اوورسیز پاکستانی ملک میں پیسے نہ بھیجیں لیکن لوگوں نے ان کی بات پر کان نہیں دھرا بلکہ الٹا زیادہ پیسے پاکستان بھیجے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کی پاکستان پر رحمت ہورہی ہے، اس جنگ میں عظیم فتح کے بعد دنیا کہنے پر مجبور ہوگئی ہے کہ پاکستان ناصرف مضبوط ہوگیا ہے بلکہ طاقتور بن کر ابھر رہا ہے، وہ دنیا جو کہتی تھی پاکستانی معیشت ڈوب جائے گی، ڈیفالٹ کرجائے گی، آج اسی دنیا کے جریدے لکھ رہے ہیں کہ پاکستان کی معیشت ایک معجزہ بن گئی ہے، یہ معجزے سے کم نہیں کہ وہ مہنگائی جو چالیس فیصد پر پہنچ گئی تھی وہ صفر پر آگئی ہے۔

مریم نواز کہتی ہیں کہ آپریشن بنیان مرص میں اللہ تعالیٰ کی مدد آئی ہے، ہمارے بارے میں لوگ کہتے تھے یہ ایک چھوٹا ملک ہے، لوگ آپس میں لڑرہے ہیں، ان کے حالات اور معیشت ٹھیک نہیں ہے لیکن جس طرح ہم نے دشمن کو دھول چٹائی وہ اللہ تعالیٰ کی مدد کے بغیر نہیں ہوسکتا، اللہ تعالیٰ کی مدد کبھی بھی بدنیت لوگوں، تقسیم کرنے اور تقسیم ہونے والوں کیلئے اور ایسی قوم پر نہیں آتی جو قوم اپنے ملک کے ساتھ مخلص نہ ہو۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ کہنے میں خوشی محسوس ہورہی ہے سیاسی و وعسکری قیادت سمیت ہماری قوم ہمارا میڈیا سب کی نیت مخلص تھی اور ملکی سلامتی کیلئے سب نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا، ترکیہ، چین اور وسطی ایشائی دوست ممالک نے جس طرح پاکستان کا ساتھ دیا اور پاکستان کیساتھ کھڑے رہے وہ بھی پاکستان کی ایک تاریخی فتح ہے، یہ صرف سرحدوں کی جنگ نہیں تھی، بالکہ نظریات اور جذبوں کی جنگ تھی جس میں پاکستان نے دشمن کو پچھاڑ دیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات